ْپنجاب یونیورسٹی نے پہلی بار ہوائی آلودگی کے زمینی حقائق جانچنے کیلئے سنسرز نصب کر دیئے

پیر 18 اکتوبر 2021 18:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2021ء) پنجاب یونیورسٹی نے ہوائی آلودگی کے زمینی حقائق جانچنے کیلئے لاہور میں پہلی بار سنسرز نصب کردیئے اس سے پہلے ہوائی آلودگی جانچنے کا واحد ذریعہ صرف سٹیلائیٹ تھا ۔ اس سلسلے میں پنجاب یونیورسٹی کی ریسرچ ٹیم نے انسٹیٹیوٹ آف زوالوجی سے ماحولیات اور جنگلی حیات کے ماہر ڈاکٹر ذوالفقار کی سربراہی میں کرین فیلڈ یونیورسٹی برطانیہ کے تعاون سے زمینی حقائق پر مبنی سنسرز بنائیں جو امریکہ میں اسمبل (Assembled) ہوئے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ذوالفقار کے مطابق لاہور بھر میں ہوائی آلودگی کے زمینی حقائق کوجانچنے کیلئے دس سنسرز لگا ئے گئے ہیںجو اگلے مرحلے میں پورے پاکستان میں لگائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہوائی آلودگی سے ہونے والی بیماریوں اور سموگ کو سمجھنے میں یہ سنسرز زمینی حقائق کے ساتھ ڈیٹا بھجیں گے جس کی نہ صرف عوام تک رسائی ہوگی بلکہ دنیا بھر کے محققین کیلئے مفید ثابت ہوگا۔ ریسرچ ٹیم میں برطانیہ سے ڈاکٹر ظہیر ، ڈاکٹر نیل ہیرس اورڈاکٹر کرس والٹن نے پاکستانی سائنسدانوں کے ساتھ مل کر کام کیا۔