سنیکت کسان مورچہ کی 'ریل روکو' تحریک سے بھارت میں ٹرین سروس بری طرح متاثر

پیر 18 اکتوبر 2021 17:20

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2021ء) بھارتی ریاست اترپردیش کے علاقے لکھیم پور کھیری میں آٹھ کسانوں کے قتل کے سلسلے میں بھارت کے وزیرمملکت برائے داخلہ اجے مشراکی برطرفی اور گرفتاری کے مطالبے کے حق میں آج بھارت بھر میں ریل روکو تحریک کی وجہ سے پنجاب کے علاوہ ملک کے دیگر حصوں میں ٹرین سروس بری طرح متاثر رہی ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سمیوکت کسان مورچہ کی اپیل پر ریل روکو تحریک کے دوران پنجاب میں کم سے کم 30مقامات پر ٹرین سروس متاثر ہوئی۔ آج صبح10 بجے شروع ہونے والی تحریک کا سب سے زیادہ اثر پنجاب اور ہریانہ میں دیکھنے میں آیا اور 30کے قریب مقامات پر ٹرین سروس متاثرہوئی ۔ کسانوں کو ہریانہ کے سونی پت سمیت دیگر قصبوں اور شہروں میں ریلوے ٹریک پر بیٹھے دیکھا گیا۔

(جاری ہے)

شمالی ریلوے کے سی پی آر او دیپک کمار نے تصدیق کی ہے کہ ریل روکوتحریک کی وجہ سے اس روٹ پر چلنے والی 28 ٹرینیں متاثر ہوئی ہیںاور تقریبا30مقامات پر کسانوںکا احتجاج جاری ہے۔ انہوںنے مزید بتایا کہ فیروز پور ڈویژن میں چھ ٹرینیں اور دہلی ڈویژن میں ایک ٹرین تاخیرکاشکار ہے اس کے علاوہ دہلی اور کالکا و دہلی اور امرتسر کے درمیان چلنے والی دونوں سمتوں کی شتابدی ایکسپریس اور دہلی سے شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا جانے والی وندے بھارت ایکسپریس کے آپریشن پربھی خلل اثرپڑاہے۔

اطلاعات کے مطابق غازی آباد کے مودی نگر میں کسانوں نے ایک مال گاڑی روک کر احتجاج کیا۔ شمالی مغربی ریلوے کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر کیپٹن ششی کرن کے مطابق کسانوںکے احتجاج کی وجہ سے بھیوانی-ریواڑی، سرسا-بٹھنڈا، سرسا-بٹھنڈا، ہنومان گڑھ-سادولپور، حصار-بٹھنڈا، ہنومان گڑھ-سادولپور اور سری گنگانگر-ریواڑی سیکشن پر ریل ٹریفک متاثر ہوئی ہے۔

دو ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیںاور 13ٹرینوں کوجزوی طور پر منسوخ کیاگیاہے جبکہ ایک ٹرین کے روٹ میں تبدیلی کی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ٹرین نمبر 04781بٹھنڈا-ریواڑی اسپیشل ٹرین سروس اور ٹرین نمبر 04573سرسا-لدھیانہ اسپیشل ٹرین سروس کو منسوخ کردیا گیاہے جبکہ سری گنگانگر سے روانہ ہونیوالی ٹرین نمبر 04734سری گنگانگر-ریواڑی ٹرین سروس بھیوانی اسٹیشن تک چلائی گئی اور یہ ٹرین سروس بھیوانی-ریواڑی اسٹیشنوں کے درمیان جزوی طور پر منسوخ رہی۔

ٹرین نمبر 04733 ریواڑی-سری گنگانگر اسپیشل بھی سری گنگا نگر کی جگہ بھیوانی اسٹیشن سے چلائی گئی اور یہ ریواڑی-بھیوانی اسٹیشنوں کے درمیان جزوی طور پر منسوخ رہی۔ششی کرن کے مطابق ٹرین نمبر 09807کوٹا-حصار اسپیشل ٹرین جواتوار کو کوٹا سے روانہ ہوئی تھی وہ سادولپور اسٹیشن تک چلائی گئی ہے اوریہ سادولپور-حصار اسٹیشنوں کے درمیان جزوی طور پر منسوخ ہے ۔ واضح رہے کہ سمیوکت کسان مورچہ نے 3 اکتوبر کوبھارتی وزیر اجے مشرا کی گرفتاری اور برطرفی کا مطالبہ کیا تھا۔