مسلم لیگ ن کا آج سےمہنگائی کے خلاف سڑکوں پر آنے کا فیصلہ

ملک گیر احتجاج، ریلیوں، جلوسوں اور مظاہروں کے پروگرام کو حتمی شکل دے دی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 20 اکتوبر 2021 10:41

مسلم لیگ ن کا آج سےمہنگائی کے خلاف سڑکوں پر آنے کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 اکتوبر 2021ء) : مسلم لیگ ن نے مہنگائی کے خلاف آج سے سڑکوں پر آنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن نے مہنگائی کے پیش نظر حکومت کو ٹف ٹائم دینے کی تیاری کر لی ہے۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے ملک گیر احتجاج، ریلیوں، جلوسوں اور مظاہروں کے پروگرام کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ملک گیر احتجاج کے سلسلے میں مرکز اور صوبائی سطح پر مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔

مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج کے سلسلے میں پہلا احتجاجی مظاہرہ راولپنڈی میں کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اس بات کا فیصلہ پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کیا گیا جس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، مریم اورنگزیب، پارٹی کے چاروں صوبائی، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے صدور اور جنرل سیکریٹریز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اجلاس میں صوبوں اور اضلاع میں پارٹی عہدیداروں کو اجتجاج کی کال دے دی گئی ہے۔ ملک گیر احتجاج کے سلسلے میں مرکزی اور صوبائی عہدیداروں کے اشتراک عمل کے لئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ خیال رہے کہ کچھ روز قبل یہ خبر موصول ہوئی تھی کہ مسلم لیگ ن نے حکومت کے خلاف سیاسی سرگرمیاں تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف بھی حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لیے متحرک ہو گئے ہیں۔

بیانیے کی لڑائی کی بجائے حکومت گرانے پر توانائیاں صرف کرنے پر اتفاق بھی کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ پارٹی صدر شہباز شریف نے پارٹی کو بھرپور سیاسی سرگرمیوں کی ہدایت کر دی ہے۔ اس کے علاوہ قومی اسمبلی کے ہر حلقے میں ورکرز کنونشن کے انعقاد کی ہدایت کی گئی ہے۔ مسلم لیگ ن پارٹی سطح پر بھی کارنر میٹنگز اور ریلیوں کا اہتمام کرے گی۔