کویت کے نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع کی پاکستان کے سفیر سے ملاقات

ملاقات میں دو دوست ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے اور مشترکہ اجتماعی مفادات کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ، شیخ حمد جابر العلی نے کویت اور پاکستان کے درمیان قریبی اور گہرے تعلقات کی تعریف کی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 20 اکتوبر 2021 10:54

کویت کے نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع کی پاکستان کے سفیر سے ملاقات
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 اکتوبر 2021ء ) کویت کے نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع شیخ حمد جابر العلی نے پاکستان کے سفیر کے ساتھ ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر تعاون اور ترقی کو مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ تفصیلات کے مطابق نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع شیخ حمد جابر العلی نے پاکستان کے سفیر سید سجاد حیدر کا استقبال کیا جہاں انہوں نے تازہ ترین علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت کا جائزہ لیا ، اس موقع پر کوتی وزیر دفاع شیخ حماد جابر العلی نے پاکستانی سفیر سید سجاد حیدر سے ملاقات کے دوران دو دوست ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے اور مشترکہ اجتماعی کارروائی کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا اور کویت و پاکستان کے درمیان قریبی اور گہرے تعلقات کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

دوسری طرف کویت نے کورونا کے دوران صحت کے شعبے شاندار خدمات سرانجام دینے پر پاکستانی ڈاکٹروں کو مستقل کنٹریکٹ دے دیا ، کویت کی وزارت صحت کی جانب سے پاکستان کے تقریباً 140 ڈاکٹروں کو مستقل کنٹریکٹ دیے گئے ہیں جو کہ اس وقت عارضی بنیادوں پر کام کر رہے تھے ، مستقل کنٹریکٹ دینے کا مقصد یہ ہے کہ عالمی وباء کورونا وائرس کے مرض سے لڑنے میں مدد کر سکیں۔

بتایا گیا ہے کہ کویتی سسٹم کے تحت ایک ڈاکٹر کو عارضی بنیادوں پر رکھا جاتا ہے جو کہ ہسپتال ، کلینک یا پریکٹس میں روٹیشن گیپ کو پورا کرتا ہے ، اسی کے تحت پاکستانی ڈاکٹروں نے اس سے پہلے کویت میں 3 ماہ کی مدت کے لیے کام کیا جسے بعد میں مزید 3 ماہ کے لیے بڑھا دیا گیا تھا تاہم اب مستقل تقرری کے بعد ان کے پاس دوسرے غیر کویتی ڈاکٹروں کی طرح معاہدے اور ملازمت کے عہدے ہوں گے۔

معلوم ہوا ہے کہ کویت پاکستانی ڈاکٹروں کو بیچ کے مطابق مستقل کنٹریکٹ دے رہا ہے ، اس ضمن میں کویت کے بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل کاشف احمد نور نے بتایا کہ اب تک اکتوبر 2020ء سے چارٹرڈ فلائٹس کے ذریعے کل 9 بیچوں میں 239 ڈاکٹرز کویت آئے ، ساتویں بیچ تک کے تمام 140 ڈاکٹروں کو کویت میں وزارت صحت نے مستقل کنٹریکٹ دیا ہے جن میں سے 2 ڈاکٹرز اپنی ذاتی وجوہات کی بناء پر پاکستان واپس چلے گئے تاہم پاکستان ستمبر کے آخر میں مزید ڈاکٹروں کو کویت بھیجے گا۔

انہوں نے کہا کہ معاہدے کے تحت کویت میں ڈاکٹروں ، نرسوں اور تکنیکی ماہرین سمیت 1500 کے قریب عملہ پہلے ہی کام کر رہا ہے ، کویت پاکستان سے زیادہ سے زیادہ طبی عملہ لینے کے لیے بے حد خواہش مند تھا اور وہ ان کی کارکردگی سے مطمئن ہیں جب کہ عالمی ادارہ صحت اور دیگر اداروں کی جانب سے بھی کوورونا کے بارے میں ہمارے ردعمل کو سراہا گیا۔