سعودی عرب ؛ مساجد میں نمازیوں کے درمیان سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے کا فیصلہ

مساجد میں ہرطبقہ عمر کے افراد کی آمدورفت رہتی ہے جب کہ وہاں آنے والوں کا توکلنا اسٹیٹس بھی چیک کرنا ممکن نہیں ہوتا، اس لیے مساجد میں سماجی فاصلے کے اصول پرعمل درآمد کیا جائے۔ وزارت اسلامی امور

Sajid Ali ساجد علی بدھ 20 اکتوبر 2021 11:17

سعودی عرب ؛ مساجد میں نمازیوں کے درمیان سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے ..
ریاض ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 اکتوبر 2021ء ) سعودی عرب میں مساجد میں نمازیوں کے درمیان سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق وزارت اسلامی امور کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مساجد میں نماز کے لیے صف بندی کے دوران نمازیوں کے درمیان سماجی فاصلے کا اصول برقرار رکھا جائے ، یہ فیصلہ ادارہ امور صحت کی کمیٹی ’وقایہ‘ کی سفارشات پرعمل کرتے ہوئے کیا گیا ہے ، اس ضمن میں تمام مساجد کی انتظامیہ کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

وزارت اسلامی امور کے مطابق صرف کھلے مقامات پر ماسک کی پابندی ختم کی گئی ہے لیکن مملکت کی مساجد میں نماز باجماعت کے دوران سماجی فاصلے کے اصول پرعمل درآمد کوبرقرار رکھا ہے ، اس لیے مساجد میں سماجی فاصلے کے اصول پرعمل درآمد کیا جائے کیوں کہ مساجد میں ہرطبقہ عمر کے افراد کی آمدورفت رہتی ہے جب کہ وہاں آنے والوں کا توکلنا اسٹیٹس بھی چیک کرنا ممکن نہیں ہوتا۔

(جاری ہے)

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ سعودی عرب میں عالمی وباء کورونا وائرس کا زور ٹوٹنے پر مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں سماجی فاصلے کی شرط ختم کردی گئی ، خانہ کعبہ اور مقام ابراہیم علیہ السلام کے گرد لگائے گئے بیریئر بھی ہٹا دیے گئے ، پابندی ہٹانے کا فیصلہ الحرمین الشریفین انتظامیہ کی جانب سے کیا گیا ، جس کے بعد سماجی فاصلے کے لیےلگائی گئی علامتیں بھی ہٹا دی گئی ہیں اور آج سے مسجدالحرام اور مسجد نبویﷺ میں سماجی فاصلے کے بغیر نمازیں ادا کی جائیں گی۔

اس ضمن میں الحرمین الشریفین انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کورونا وباء سے قبل کی صفوں کی اصل حالت کو بحال کیا جا رہا ہے ، مسجدالحرام کے صحن مطاف میں بھی سماجی فاصلے کے لیے لگائی گئی علامتیں ہٹا دی گئی ہیں جس کے بعد اب مکمل افرادی گنجائش کے ساتھ نمازیں ادا کی جاسکیں گی ، طواف یا سعی کرنے والوں کے لیے سماجی فاصلے کا اصول ختم کر دیا گیا ہے تاہم ماسک کی پابندی برقرار ہے۔