آئی ایم ایف کے احکامات پر پیٹرول کی قیمتیں 200 روپے فی لیٹر تک بڑھانے کا منصوبہ ہے

عوام کا خون نچوڑا جا رہا ہے، عوامی احتجاج کے سوا کوئی چارہ نہیں رہا ۔ مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 20 اکتوبر 2021 11:19

آئی ایم ایف کے احکامات پر پیٹرول کی قیمتیں 200 روپے فی لیٹر تک بڑھانے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 اکتوبر 2021ء) : مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آئی ایم ایف کے احکامات پر پیٹرول کی قیمتیں 200 روپے فی لیٹر تک بڑھانے کا منصوبہ ہے۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ حکومت عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے سامنے لیٹ چکی ہے اور آئی ایم ایف کے احکامات پر پیٹرولیم کی قیمتیں 200 روپے فی لیٹر تک بڑھانے کا خوفناک منصوبہ ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ عوام کا خون نچوڑا جا رہا ہے اور مہنگائی کے طوفان کے سامنے بند باندھنے کے لیے باہر نکل کر عوامی احتجاج کے سوا کوئی چارہ نہیں رہا ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی کال پر لبیک کریں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن نے مہنگائی کے خلاف آج سے سڑکوں پر آنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

مسلم لیگ ن نے مہنگائی کے پیش نظر حکومت کو ٹف ٹائم دینے کی تیاری کر لی ہے۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے ملک گیر احتجاج، ریلیوں، جلوسوں اور مظاہروں کے پروگرام کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ملک گیر احتجاج کے سلسلے میں مرکز اور صوبائی سطح پر مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج کے سلسلے میں پہلا احتجاجی مظاہرہ راولپنڈی میں کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اس بات کا فیصلہ پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کیا گیا جس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، مریم اورنگزیب، پارٹی کے چاروں صوبائی، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے صدور اور جنرل سیکریٹریز نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں صوبوں اور اضلاع میں پارٹی عہدیداروں کو اجتجاج کی کال دے دی گئی ہے۔