اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺ کو تمام کائنات کے لئے ہادی ء برحق بنا کر بھیجا ‘صمصام علی شاہ بخاری

آپ ﷺنے بنی نوع انسان کو ایک نئے ضابطہ حیات سے متعارف کروایا ،ایک نئے دور کا آغاز کیا

بدھ 20 اکتوبر 2021 12:13

اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺ کو تمام کائنات کے لئے ہادی ء برحق بنا کر بھیجا ..
کرمانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2021ء) صوبائی وزیر جنگلی حیات ،ماہی پروری و اشتمال اراضی پیر سید صمصام علی شاہ بخاری نے کہا ہے کہ 12ربیع الاول کا دن مسلمانوں کے لئے سب سے اہم دن ہے جس میں نبی کریم ﷺ اس دنیامیں تشریف لائے آپ ﷺ اس دنیا کی وہ ہستی ہیں جنہوں نے بنی نوع انسان کو ایک نئے ضابطہ حیات سے متعارف کروایا ،ایک نئے دور کا آغاز کیا اور انصاف ،مساوات اور اخلاقیات پر مبنی معاشرہ کی بنیاد رکھی آپ ﷺ کی ذات با برکات میں دنیا جہاںکے تمام کمالات بدرجہ اتم موجود ہیں آپ ﷺ کی ذات با برکات پر سلسلہ ختم نبوت ہوا اور آپ ﷺ اللہ کی آخری کتاب لے کر آئے جو رہتی دنیا تک ہدائیت کا سر چشمہ ہے اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺ کو تمام کائنات کے لئے ہادی ء برحق بنا کر بھیجا آپ ﷺ کی ذات اقدس رحمت اللعالمین ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کو آرٹر ہسپتال کا دورہ کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی ،ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز ،پاکستان تحریک انصا ف کے ٹکٹ ہولڈرز،چوہدری سلیم صادق ،مہر محمد جاوید ،ڈاکٹر اظہر محمود ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عبد المجید ،ایم ایس ڈاکٹر اختر بلوچ سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے جشن عید میلاد النبی ﷺ کے پر مسرت موقع پر صوبائی وزیر جنگلی حیات ،ماہی پروری و اشتمال اراضی پیر سید صمصام علی شاہ بخاری ، کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی ،ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز ،پاکستان تحریک انصا ف کے ٹکٹ ہولڈرز،چوہدری سلیم صادق ،مہر محمد جاوید ،ڈاکٹر اظہر محمود ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عبد المجید ،ایم ایس ڈاکٹر اختر بلوچ نے ہسپتال میں داخل مریضوں کو پھل اور ان کے لواحقین میں مٹھائی تقسیم کی ۔

صوبائی وزیر جنگلی حیات ،ماہی پروری و اشتمال اراضی پیر سید صمصام علی شاہ بخاری ے کہا کہ پنجاب حکومت نے عشرہ شان رحمت اللعالمین ﷺ کا انعقاد کر کے جہاں اپنے لئے نیکیاں کمائیں وہیں پر پوری دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ ہم اپنے آقا و مولا حضرت محمد ﷺ سے اپنی جان سے بھی بڑھ کر پیار کرتے ہیں ان کی بارگاہ عقیدت میں اشارہ کنایہ میں بھی گستاخی اور بے ادبی برداشت نہیں کر سکتے ہر مسلمان اپنا تن من دھن ،اولاد ،حتیٰ کہ ماں باپ حضور ﷺ کی حرمت پر قربان کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے ہم حضور ﷺ کے غلام ہیں اور ان کی غلامی ہی ہمارا اعزاز ہے ۔