فشرمینز کوآپریٹو سوسائٹی کولوٹنے والے ملازمین کی گریجویٹی بھی ہڑپ کر گئے،زاہد ابراہیم بھٹی

ریٹائرڈ ملازمین کو گریجویٹی چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے ایڈمنسٹریٹر زفشرمینز کوآپریٹو سوسائٹی کا خطاب

بدھ 20 اکتوبر 2021 17:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2021ء) فشرمینز کوآپریٹو سوسائٹی کے ایڈمنسٹریٹر زاہد ابراہیم بھٹی نے کہا ہے کہ منافع بخش ادارے کولوٹ مار کرکے تباہی کے دہانے پر پہنچانے والوں نے ملازمین کوبھی معاف نہیں کیا۔وہ زندگی بھر ادارے کی خدمت کرنے کے بعد ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کی گریجویٹی بھی ڈکار گئے،ریٹائرڈ ملازمین کو گریجویٹی چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے ایڈمنسٹریٹر زاہد ابراہیم بھٹی کا خطاب تفصیلات کے مطابق کراچی فش ہاربر پر فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی میں مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد ریٹائرڈ ہوجانے والے ملازمین کو گریجو یٹی کی ادائیگی کے چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر زاہد ابراہیم بھٹی نے کہا کہ ماہی گیروں کے ادارے کو نوچ نوچ کر کھانے والوں نے ان ریٹائرڈ ملازمین کو بھی نہیں بخشا۔

(جاری ہے)

جنہوں نے زندگی بھر اس ادارے کی خدمت کی۔وہ لٹیرے کرپشن کے ذریعے اکائونٹس خالی کرکے فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے کے بعد ریٹائرڈ ملازمین کی گریجویٹی کے پیسے بھی لوٹ کر چلتے بنے۔ایڈمنسٹریٹر زاہد ابراہیم بھٹی نے کہا کہ زندگی بھر اس ادارے کی خدمت کرنے کے بعد ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین اپنا حق گریجویٹی کے حصول کے لیے عرصہ دراز سے دھکے کھا رہے تھے۔

مگر ان کی سننے والا کوئی نہیں تھا۔اس ادارے میں جو بھی آیا۔اس نے کرپشن کرکے صرف اپنی جیبیں بھریں۔ادارے کی ترقی تو درکنار،زندگی بھر ادارے کی خدمت کرنے کے بعد ریٹائرڈ ہوجانے والے ملازمین کی گریجو یٹی پر بھی ہاتھ صاف کر گئے۔اور ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین اپنی گریجویٹی کے لیے دردر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہو گئے۔یہ ظلم کی انتہا ہے۔

ہم ایسا سسٹم بنا دیں گے کہ آئندہ ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کو گریجو یٹی کی بروقت ادائیگی ممکن ہو سکے۔ایڈمنسٹریٹر فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی زاہد ابراہیم بھٹی نے کہا کہ میں نے جب اس ادارے کا چارج سنبھالا تو اکائونٹ بالکل خالی تھے۔میں نے اور میری ٹیم نے دن رات محنت کر کے پہلے فیز میں کرپشن کے ایک ایک سوراخ کو بند کرنے کے لیے جدوجہد کی۔

اور ابھی تک ادارے کی نوک پلک درست کرنے کی کوششوں پر عمل پیرا ہیں۔ ملازمین کو وقت پر تنخواہ اور دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔اور انشاء اللہ بہت جلد سابق صدر آصف علی زرداری،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور ماہی گیر رہنماحسین اسلم بھٹی کے ویزن کے عین مطابق عمل کرتے ہوئے ادارے کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔اورماہی گیروں کا یہ ادارہ بہت جلد دن دگنی رات چوگنی ترقی کرے گا۔میں اورمیری ٹیم کبھی بھی اپنی قیادت کو مایوس نہیں ہونے دیں گے۔فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی کو ایک خوشحال اور باوقار ادارہ بنا کر د م لیں گے۔تقریب میں احمد مجتبیٰ بھٹی،محمد حسین،احمد یوسف ،سید علی اصغر شاہ ،شوکت حسین ویگر بھی موجود تھے۔