Live Updates

تمام مسلمان ختم نبوتؐ کو نجات کی راہ او ر ایمان سمجھتے ہیں‘محمد سرور

آپ ؐ نے امن، اخوت، انسانیت، مساوات، برداشت، درگزر اور عدل و انصاف کا درس دیا ہے نبی پاک ؐ کی تعلیمات نے بتوں کے غرور اور ظلم و ستم کے ناخداں کے تکبر کوہمیشہ ہمیشہ کے لیے نیست و نابود کردیا‘گورنر پنجاب

بدھ 20 اکتوبر 2021 19:24

تمام مسلمان ختم نبوتؐ کو نجات کی راہ او ر ایمان سمجھتے ہیں‘محمد سرور
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2021ء) وزیر اعظم عمران خان کے ویژن اور گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور کی خصوصی ہدایت پرگور نر ہائوس لاہور میں جشن عیدمیلاد النبی ؐ کے حوالے سے تین روز تک تقر یبات جاری رہیں جن میں گور نر ہائوس لاہور کے دروازے عوام کے لیے کھلے رہے اور محفل میلاد سمیت دیگر تقر یبات میں شر کت کیلئے آنیوالے افرادمیں لنگر بھی تقسیم ہوتا رہا ۔

اس حوالے سے گفتگو کے دوران گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ ہمیں حضور اکرم ؐ کے اخلاق حسنہ ،عدل، مساوات اور کردار کی بلندی پر عمل کرنا چاہئے،ہمیں دنیا و آخرت سنوارنے کیلئے حضور اکرم ؐ کے اخلاق حسنہ پر عمل کرنا ہوگا۔ اُنہوں نے کہا کہ حضرت محمد ؐ تمام انسانیت کے لیے رحمت بن کے آئے آپؐ کی ولادت با سعادت سے دنیا سے جہالت کے اندھیرے ختم ہوئے ،آپؐ کے اسوہ حسنہ پہ عمل پیرا ہو کر ہی دین و دنیا کی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ ہمیں نبی پاک ؐ کے ابدی پیغام انسانوں سے محبت ، ظلم سے نفرت اور مظلوموں کی ڈھارس بننا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ عشرہ رحمت اللعالمین کے سلسلے میں عید میلاد النبیؐ کے موقع پر گورنر ہاوس میں3 دن کے لیے لنگر خانہ کھولا گیاہے ۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ دنیا کی پریشانیوں اور مسائل میں ہمیں ہر لمحہ رہنمائی کی ضرورت ہے ۔

اُنہوں نے کہا کہ قرآن مجید فرقان حمید اور سیرت رسول ؐ ہمیں ہر لمحہ رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ سیرت سے رہنمائی لے کر ہم نے کورونا جیسے چیلنجز کا مقابلہ کیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ وباء سے بچا ئوکیلئے احادیث ہماری رہنمائی کرتی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ آپ ؐ نے امن، اخوت، انسانیت، مساوات، برداشت، درگزر اور عدل و انصاف کا درس دیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ تمام مسلمان ختم نبوتؐ کو نجات کی راہ او ر ایمان سمجھتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ نبی پاک ؐ کی تعلیمات نے بتوں کے غرور اور ظلم و ستم کے ناخداں کے تکبر کوہمیشہ ہمیشہ کے لیے نیست و نابود کردیا۔ چوہدری محمدسرور نے کہا کہ اسلام محبت، امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے اس کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اسلام میں ایک بے گناہ کا قتل پوری انسانیت کا قتل کر نے کے مترادف ہے ۔

اُنہوں نے کہا کہ موجودہ انتشار،نفاق اورناانصافی کاواحدحل سیرت طیبہ ؐ میں ہے۔۔ اُنہوں نے کہا کہ حضورؐسے محبت ہرمسلمان کے ایمان کاحصہ ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے حضور ؐ کومعبوث فرما کر انسانیت پراحسان فرمایا۔ اُنہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ ؐ کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بناکربھیجا ہے اور آپ ؐ کی اطاعت وفرمانبرداری دونوں جہانوں میں کامیابی کی کنجی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات