Live Updates

وزیراعظم کی کم آمدن والوں کیلئے پٹرول پر سبسڈی پلان بنانے کی ہدایت

موٹرسائیکل، رکشہ اور عوامی سواری کوکم قیمت پر پٹرول پیش کیا جائے گا، پٹرول پر سبسڈی دینے کا پلان آئندہ ہفتے پیش کیا جائے گا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل کی میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 20 اکتوبر 2021 18:44

وزیراعظم کی کم آمدن والوں کیلئے پٹرول پر سبسڈی پلان بنانے کی ہدایت
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 اکتوبر2021ء) وزیراعظم عمران خان نے کم آمدن والوں کیلئے پٹرول پر سبسڈی پلان بنانے کی ہدایت کردی،گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ موٹرسائیکل ، رکشہ اور عوامی سواری کوکم قیمت پر پٹرول پیش کیا جائے گا،پٹرول پر سبسڈی دینے کا پلان آئندہ ہفتے پیش کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدار ت پارٹی رہنماوٴں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ملکی معاشی صورتحال اور مہنگائی کے اعدادوشمار کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے کم آمدن والوں کو پٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی پلان بنانے کی ہدایت کی، یوٹیلٹی اسٹورز کے ذریعے مہنگائی میں ریلیف دینے کیلئے بھی کم آمدنی والوں کو سبسڈی دی جائے گی۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیراعظم ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موٹرسائیکل ، رکشہ اور عوامی سواری کوپٹرول پر سبسڈی دینے کا پلان آئندہ ہفتے پیش کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

مہنگائی میں کمی کیلئے ضلعی سطح پر کمیٹیاں بنائی جائیں گی۔ سندھ میں اس وقت سب سے زیادہ مہنگائی ہے، سندھ میں آٹے کی قیمت نیچے نہیں آرہی، انشاء اللہ سندھ میں اگلی حکومت پی ٹی آئی کی ہوگی، ایک ہفتے میں مہنگائی میں کمی آجائے گی۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) نے مہنگائی اور معاشی تباہی کے خلاف 20 اکتوبر سے سڑکوں پر آنے کا پروگرام تشکیل دے دیا ہے، صدر ن لیگ اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی زیر صدارت پارٹی کے اعلی سطحی اجلاس میں عوام کے حقوق کے تحفظ کے لئے راست اقدام کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، مریم اورنگزیب، پارٹی کے چاروں صوبائی، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے صدور اور جنرل سیکریٹریز نے شرکت کی ۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ملک گیر احتجاج کے لیے ریلیوں، جلوسوں اور مظاہروں کے پروگرام کو حتمی شکل دیدی۔20 اکتوبر سے ملک بھر میں احتجاج کے آغاز کا فیصلہ، صوبوں اور اضلاع میں پارٹی عہدیداروں کو اجتجاج کی کال دے دی گئی،اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ ملک گیر احتجاج کے سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اپنا پہلا احتجاجی مظاہرہ راولپنڈی میں کرے گی،ملک گیر احتجاج کے سلسلے میں مرکزی اور صوبائی عہدیداروں کے اشتراک عمل کے لئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات