کیپرا رواں سال 25 ارب سے زائد کے محصولات اکٹھے کرے گا، تیمور جھگڑا

شہریوں کا اعتماد بڑھا، ٹیکس ادائیگی کلچر آنے میں وقت لگے گا، گزشتہ 2 سال میں ریونیو کولیکشن 60 فیصد اضافہ ہوا، وزیر صحت و خزانہ

بدھ 20 اکتوبر 2021 23:08

کیپرا رواں سال 25 ارب سے زائد کے محصولات اکٹھے کرے گا، تیمور جھگڑا
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2021ء) خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی(کیپرا) ایک ایسی تنظیم ہے جس پر ہم سب فخر کر سکتے ہیں۔ ٹیکس کولیکشن میں گزشتہ سال 20 فیصد جبکہ مجموعی طور پر 2 سالوں میں 60 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ عوام میں ٹیکس دینے کے شعور میں اضافے کے بغیر ٹیکس کولیکشن میں اضافہ مشکل ہے تاہم اتھارٹی اس میں بھی کامیاب رہی ہے۔

صوبائی وزیر نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ کیپرا پر عوامی اعتماد بڑھ رہا ہے۔ دو سال پہلے 61 فیصد جواب دہندگان کو ٹیکس وصولی کی درستگی پر اعتماد تھا۔ آج یہ شرح بڑھ کر 95 فیصد ہو گئی ہے۔ اسی طرح دو سال پہلے 65 فیصد ٹیکس دہندگان نے کیپرا ٹیم کی اخلاقیات اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی تھی۔

(جاری ہے)

آج یہ شرح بڑھ کر 89 فیصد ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو سال پہلے 59 فیصد شہریوں کا خیال تھا کہ سروسز پر سیلز ٹیکس ایک مناسب ٹیکس ہے اور آج یہ تعداد 76 فیصد ہے۔

اسی طرح دو سال قبل 64 فیصد جواب دہندگان نے کیپرا کے ٹیکس وصولی کے نظام کی شفافیت کی تعریف کی تھی۔ آج یہ تعداد بڑھ کر 74 فیصد ہو چکی ہے۔ ایک ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ فروری 2020 میں 47 فیصد شہریوں کو اعتماد تھا کہ ٹیکس کی رقم عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کی جا رہی ہے۔ اور اب اعتماد کی یہ شرح بڑھ کر 60 فیصد ہو گئی ہے۔ تیمور جھگڑا کا کہنا تھا کہ ملک میں صحیح ٹیکس وصولی کا کلچر آنے میں وقت لگے گا اور ابھی اس سلسلے میں بہت کچھ کرنا باقی ہے۔

انہوں نے کیپرا ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صوبے میں ٹیکس وصولی کے کلچر کو دو سال میں بہت فروغ دیا اور بڑے پیمانے پر کولیکشن کو بہتر بنایا ہے۔ کیپرا کی اس کامیابی کے حوالے سے صوبائی حکومت کے چند اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ قیادت میں تسلسل ایک اہم وجہ ہے کیونکہ پچھلے تین سالوں میں کے پی آر اے کے صرف دو ڈی جی آئے ہیں۔

اسی طرح بلند نظر اہداف کا مقرر کرنا بھی ایک اہم وجہ تھی۔ صرف تین سال پہلے کے پی آر اے کا کولیکشن 10 ارب سالانہ تھا۔ رواں سال یہ 25 ارب سے تجاوز کر جائے گا۔ یہ بلند نظر اہداف مقرر کرنے کی بدولت ممکن ہوا۔ مراعات پر مبنی تنخواہ کا کردار بھی اہم رہا کیونکہ الاؤنسز کے روایتی نظام کے بجائے کیپرا کی ٹیم پالیسی بورڈ کے ساتھ باہمی اتفاق شدہ اہداف کے مجموعے پر مبنی پرفارمنس بونس لیتی ہے جو کہ ٹیکس دہندگان کے اطمینان کی درجہ بندی پر مشتمل ہے۔

ڈیٹا کی بنیاد پر فالو اپ بھی کیپرا کی کامیابی میں اہم رہا۔ اعداد و شمار پر کم انحصار رکھنے والے زیادہ تر سرکاری اداروں کے برعکس، KPRA ٹیم کارکردگی کا جائزہ لینے اور مسائل کو حل کرنے کے لیے سیکرٹری خزانہ اور میرے ساتھ ڈیٹا پر مبنی ماہوار اجلاس منعقد کرتی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اچھی ٹیم بھی کسی ادارے کو کامیاب بنانے میں اہم ہوتی ہے۔ کیپرا ٹیم کے ساتھ ایک حالیہ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل سے لے کر دوسری اور تیسری سطح تک کے عملے کے حوصلے اور عزم کو دیکھ کر حیران رہ گیا۔ کیپرا افسران و ملازث اپنے کام پر فخر کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :