مہنگائی کیخلاف پی ڈی ایم کا ایمپریس مارکیٹ کراچی میں احتجاجی مظاہرے کا اعلان، مولانا فضل الرحمان خصوصی خطاب کرینگے

جمعرات 21 اکتوبر 2021 00:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2021ء) پی ڈی ایم کے تحت 22 اکتوبر 2021 بروز جمعہ کو ایمپریس مارکیٹ پر مہنگائی و بیروزگاری کے خلاف احتجاجی ہوگا ۔ احتجاجی مظاہرے سے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سمیت دیگر رہنما خطاب کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علمائے اسلام سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مولانا راشد خالد محمود سومرو نے احتجاجی مظاہرے کے حوالے سے کارکنان اور عوام کے نام جاری کردہ خصوصی ویڈیو پیغام میں کیا ۔

انہوں نے کہا کہ احتجاجی مظاہرے میں کراچی کے عوام بھرپور انداز میں شرکت کر کے حکومت کے ظالمانہ اقدامات کو مسترد کردیں ۔ ہوشربا مہنگائی اور بیروزگاری نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ شہری مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں عوامی مسائل کے حل کیلئے باہر نکلیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکمرانوں کی نااہلی سے ملکی معیشت کی کشتی کنارے پر ہے۔

قوم ان نااہل حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں کی مزید متحمل نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی اپیل پر پی ڈی ایم کی مہنگائی کیخلاف 15 روزہ احتجاج کی کال پی ڈی ایم کے تحت سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔ کراچی میں ایمپریس مارکیٹ صدر میں مرکزی احتجاجی مظاہرہ ہوگا جس سے پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان خصوصی خطاب کریں گے۔

انہوں نے جے یو آئی کراچی کے تمام اضلاع کے ذمہ داران کو ہدایات جاری کی کہ احتجاجی مظاہرے کو کامیاب کرنے کیلئے تیاریاں کریں ۔دریں اثنا جمعیت علما اسلام صوبہ سندھ کے نائب امیر مولانا عبد الکریم عابد کی صدارت میں کراچی کے تمام اضلاع کے امرا و نظما عمومی کا مشترکہ اجلاس جامعہ مدنیہ گلشن اقبال میں منعقد ہوا ، اجلاس میں مرکزی ترجمان محمد اسلم غوری ، امین اللہ ، مولانا احسان ٹکروی ،مفتی عبدالحق عثمانی ، مولانا فتح اللہ ، مولانا عبد الرشید نعمانی، مفتی محمد خالد ، اکبر شاہ ہاشمی، مولانا زرین شاہ ، مفتی فیض الحق، قاری نورالامین ، فاوق سید حسن زئی، انجینئر محمد سلیم، عبیدالرحمن قمر ودیگر نے شرکت کی ، اجلاس میں کراچی ایمپریس مارکیٹ کے احتجاجی مظاہرے کا خیر مقدم کیا گیا، شرکا اجلاس نے مظاہرے کی بھرپور کامیابی کیلئے مختلف کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئیں۔