Live Updates

کوئٹہ میں پی ڈی ایم جماعتوں کی مہنگائی کیخلاف احتجاجی ریلی ،احتجاجی مظاہرہ کیا گیا

بدھ 20 اکتوبر 2021 23:15

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2021ء) پی ڈی ایم کی مرکزی قیادت کے فیصلے کی روشنی میں کوئٹہ میں پی ڈی ایم جماعتوں نے مہنگائی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی اور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرہ کے شرکاء نے مہنگائی اور حکومت کے خلاف بھر پور نعرہ بازی کی، مظاہرے سے جمعیت علماء اسلام کے مولانا عبد الرحمن رفیق، بی این پی کے موسی بلوچ، نیشنل پارٹی کے رحمت صالح بلوچ، پشتون خواہ میپ کے یوسف خان کاکڑ، مسلم لیگ(ن) کے جمال شاہ کاکڑ،مرکزی جمعیت اہلحدیث کے مولانا محمد زکریا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے طوفان سے پورا ملک لرز اٹھا ہے، حکومت کے خاتمے تک احتجاجی تحریک چلتی رہے گی، تمام جمہوری جماعتیں مظلوم اور غریب عوام کی آواز ہیں، اسٹیج پر ملک عبدالولی کاکڑ، ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، حافظ حسین احمد شرودی، مولانا خورشید احمد، کبیر افغان، حاجی عرض محمد بڑیچ حاجی عطاء اللہ بنگلزئی اور دیگر قائدین موجود تھے، مقررین نے کہا کہ قوم کو جھوٹ کے ذریعے جو سنہرے خواب دکھائے گئے تھے وہ آج کٹھ پٴْتلی حکومت کے گلے پڑ گئے ہیں، کہا گیا تھا کہ ڈالر کو نیچے اور تمام اشیاء کی قیمتوں کو کم کریں گے اور ہمارے پاس بہترین معاشی ٹیم موجود ہے، سب جھوٹ ثابت ہوئے ، انہوں نے کہا پی ڈی ایم کی قیادت مولانا فضل الرحمان، شہباز شریف، محمود خان اچکزئی، سردار اختر جان مینگل، ڈاکٹر عبد المالک بلوچ،پروفیسر ساجد میر، آفتاب احمد خان شیرپاؤ کی قیادت میں احتجاجی تحریک کو منزل تک پہنچا کردم لیں گے، مزید نااہل حکومت کو قوم اور غریب عوام پر مسلط ہونے نہیں دیں گے، اشیاء خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں غریب کی قوت خرید ختم ہوچکی ہے، انہوں نے کہا کہ آٹا چور ، بجلی چور اور گیس چور حکومت نے ملک کی معیشت کو تباہ وبرباد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، اب مزید مہنگائی کی خبریں آرہی ہیں، ان کو حکومت پر مسلط کرنے والے ملک کی تباہی کے ذمہ دار ہوں گے ، آج غریب عوام نان شبینہ کے محتاج ہوچکے ہیں، مگر نااہل حکمران کے پاس ملک کو چلانے کا کوئی تجربہ نہیں ہے ، چند عرصے میں ملک کے بچہ بچہ کو مقروض بنادیا گیا ہے، جوکہتا تھا کہ آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاؤں گا انہوں نے ملک کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھ دیا ہے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ناجائز حکومت نے ملک کی معیشت کا جنازہ نکال دیا ہے، ملک کی سلامتی کو تماشا بنا دیا گیا، حکومت نے عوام کے پاس چینی، دوائی، آٹااور بچوں کی فیسیں دینے کے پیسے نہیں چھوڑے، یہ ملک ان چوروں کا متحمل نہیں ہوسکتا، ان نالائقوں کو اب گھر جانا ہوگا، انہیں ووٹ دینے والے بھی اب پریشان اور انھیں بددعائیں دے رہے ہیں، ملک کے تمام شعبوں کے افراد احتجاج پر ہیں ملک میں تجارت، صحت، تعلیم، روزگار کے مواقع نہیں ہیں پی ڈی ایم کے قائدین نے کہا کوئٹہ میں بھی احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا اور عوام کو اس نا جائز حکومت سے نجات دلائیں گے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات