سعودیہ ؛ ٹرین کے مسافروں کو کرایوں میں خصوصی رعایت دینے کا اعلان

ٹکٹوں کی بکنگ پر 70 فیصد رعایت ہوگی‘ رعایتی ٹکٹ 20 اکتوبر سے 27 اکتوبر تک قابل استعمال ہوگا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 21 اکتوبر 2021 10:39

سعودیہ ؛ ٹرین کے مسافروں کو کرایوں میں خصوصی رعایت دینے کا اعلان
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 21 اکتوبر 2021ء ) سعودی عرب میں ٹرین سے سفر کرنے والوں کو خصوصی رعایت دینے کا اعلان کردیا گیا ، سعودی ریلوے کے 70 سالہ یوم تاسیس کی مناسبت سے مسافروں کو خصوصی رعایت دی جائے گی۔ عرب میڈیا کے مطابق مملکت کے محکمہ ریلوے کی جانب سے اپنے 70 سالہ یوم تاسیس کی مناسبت سے مسافروں کو ٹکٹوں میں 70 فیصد رعایت دینے کا اعلان کیا گیا ہے ، رعایتی ٹکٹ شمال اور مشرق کی لائن کی بزنس اور اکانومی کلاسوں کے لیے ہوگا ، جہاں پہلے آؤ، پہلے پاؤ کی بنیاد پر ایک دن میں 200 ٹکٹوں کی بکنگ پر 70 فیصد رعایت ہوگی تاہم مسافروں کو ریلوے کے رعایتی ٹکٹ حاصل کرنے کے لیے خصوصی کوڈ RAIL70 کا استعمال کرنا ہوگا اور یہ رعایتی ٹکٹ 20 اکتوبر سے 27 اکتوبر تک قابل استعمال ہوگا۔

دوسری طرف سعودی عرب میں ٹریفک چالان میں 20 فیصد رعایت دینے کی خبروں کی حقیقت سامنے آگئی ، ٹریفک چالان کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے قائم کیے جانے والے پورٹل ایفا نے چالان میں رعایت دینے سے متعلق خبر کی تردید کردی ، پورٹل انتطامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر پورٹل سے منسوب کی جانے والی چالان کی رقم میں 20 فیصد رعایت دیے جانے کی باتیں بے بنیاد ہیں ، درحقیقیت ایسی کوئی خبر پورٹل پر جاری نہیں ہوئی نہ ہی چالان کی رقم میں کسی قسم کی رعایت دینا پورٹل کے دائرہ اختیار میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ سعودی عرب میں ٹریفک اور سڑکوں کا بہترین نظام موجود ہے تاہم لوگوں کی بے احتیاطی اور ٹریفک خلاف ورزیوں کی وجہ سے حادثات میں کمی نہیں آ سکی ہے ، ہر سال سینکڑوں افراد زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں یا عمر بھر کے لیے معذور ہو جاتے ہیں ، اسی وجہ سے سعودی حکام ٹریفک جرمانوں کی رقم میں وقتاً فوقتاً اضافہ کرتے رہتے ہیں تاکہ لوگ ٹریفک خلاف ورزی سے باز رہیں۔

سعودی محکمہ ٹریفک کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ حد رفتار سے تجاوز کرنے پر ڈیڑھ سے دو ہزار ریال تک جرمانہ بھرنا پڑے گا ، جرمانے کی رقم کا انحصار اس بات پر ہو گا کہ مقررہ رفتار سے کتنا زیادہ رفتار سے ڈرائیونگ کی جاری ہے ، ایسی شاہراہیں جن پر انتہائی حدِ رفتار 120 کلو میٹرفی گھنٹہ ہے اگر کوئی شخص اس سڑک پر 10 سے 20 کلو میٹر فی گھنٹہ حد سے زیادہ رفتار پرڈرائیونگ کرتا ہے تو اس پر ڈیڑھ سو ریال سے تین سو ریال تک جرمانہ عائد ہوگا ۔