این سی او سی سربراہ اسد عمر نے کورونا کی پانچویں لہر سے متعلق خبردار کر دیا

کورونا وائرس کی پانچویں لہر سے بچنا ہے تو ویکسین لگوائیں۔ این سی او سی سربراہ اسد عمر

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 21 اکتوبر 2021 11:19

این سی او سی سربراہ اسد عمر نے کورونا کی پانچویں لہر سے متعلق خبردار ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 اکتوبر 2021ء) : این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کورونا وائرس کی پانچویں لہر سے خبردار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کہا کہ کورونا وبا کی پانچویں لہر سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ ویکسینیشن کے اہداف کامیابی سے حاصل کیے جائیں۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں این سی او سی سربراہ اسد عمر نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ یہاں کورونا کی پانچویں لہر نہیں ہے ہمیں کورونا ویکسی نیشن کے لیے متعین کیے گئے اہداف کو یقینی بنانا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ زیادہ لوگوں نے ویکسین نہ لگوائی تو کورونا وائرس دوبارہ سر اٹھا سکتا ہے۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ اگر عوام کی بڑی تعداد کورونا کی ویکسین نہیں لگواتی کیسز میں کمی کے باوجود ہم خطرے کی زد میں رہیں گے۔

(جاری ہے)

یاد رکھیں کورونا سے محفوظ رہنے کے لیے دوسری خوراک ضروری ہے لہٰذا ویکسی نیشن مکمل کروا لیں۔

ویکسینیشن سے متعلق اسدعمر نے بتایا کہ اسلام آباد، پشاور، گلگت، میرپور میں ویکسی نیشن بہترین رہی جبکہ اسکردو،چارسدہ،سرگودھا میں بھی ویکسی نیشن مہم اچھی رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حیدرآباد ، نوشہرہ ، فیصل آباد ، کوئٹہ ، کراچی ، مینگورہ ، مردان میں ویکسینیشن کے عمل کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ کورونا ویکسین لگوانے کے بعد سے کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔ این سی او سی کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹے میں 44 ہزار 334 ٹیسٹ کئے گئے۔ جس میں سے کورونا وائرس کے 622 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے۔ مثبت کیسز کی شرح 1.40 فیصد رہی۔ اس دوران 16 اموات رپورٹ ہوئیں۔ این سی او سی نے مزید بتایا کہ ایک روز کے دوران1690 مریض انتہائی نگہداشت کے شعبے میں داخل ہیں۔