شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ضمانت کی درخواست پر ممبئی ہائی کورٹ میں 26 اکتوبر کو ہوگی

جمعرات 21 اکتوبر 2021 11:36

شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ضمانت کی درخواست پر ممبئی ہائی کورٹ ..
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2021ء) ممبئی کروز شِپ کیس میں گرفتار بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ضمانت کی درخواست پر ممبئی ہائی کورٹ میں 26 اکتوبر بروز منگل کو سماعت ہوگی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق منشیات کیس میں گزشتہ روز ممبئی کی خصوصی عدالت کی جانب سے آریان خان کی درخواستِ ضمانت مسترد ہونے کے بعد اٴْن کے وکیل نے ہائی کورٹ سے رجوع کیاتھا۔

ممبئی کی عدالت کی جانب سے آریان خان کی درخواستِ ضمانت چار بار مسترد کی گئی ہے اور اسی وجہ سے اب اٴْن کے وکیل نے ممبئی ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔دوسری جانب بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان نے جمعرات کی صبح اپنے بیٹے آریان خان سے ملاقات کے لیے ممبئی کی آرتھر روڈ جیل کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

یہ پہلا موقع ہے جب شاہ رخ کو اپنے بیٹے کی گرفتاری کے بعد کیمرے کے سامنے دیکھا گیا ، بھارتی میڈیا رپورٹس میں یہ بھی کہا جارہا ہے کہ شاہ رخ خان نے آریان خان کی گرفتاری کے بعد سے اپنی تمام شوٹنگز اور پراجیکٹس کو منسوخ کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ آریان خان 8 اکتوبر سے ممبئی کی آرتھر جیل میں ہیں۔بھارت کے انسدادِ منشیات ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے ممبئی کے ساحل پر 3 اکتوبر کو ایک کروز شپ پر پارٹی کے دوران چھاپہ مار کر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو گرفتار کیا گیا تھا۔