وی آئی پیز اور سینئیر بیوروکریٹس کے سکیورٹی پروٹوکول میں کمی کردی گئی

وی آئی پیز میں وفاقی وزرا، مشیر، چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی اور اعلیٰ عدالتوں کے ججز شامل ہیں جبکہ سینئر بیوروکریٹس میں وزارتوں کے سیکریٹریز شامل ہیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 21 اکتوبر 2021 11:25

وی آئی پیز اور سینئیر بیوروکریٹس کے سکیورٹی پروٹوکول میں کمی کردی گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 اکتوبر 2021ء) : حکومت نے وفاقی کابینہ کے فیصلے کے مطابق وی آئی پیز اور سینئر بیوروکریٹس کے لیے سکیورٹی پروٹوکول کو کم کردیا۔ قومی اخبار ڈان نیوز میں شائع رپورٹ کے مطابق پولیس کے ذرائع نے بتایا کہ سکیورٹی صرف اُن وی آئی پیز کے لیے برقرار رکھی جائے گی جنہیں سکیورٹی کا کوئی خطرہ درپیش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک اعلیٰ عدالتوں کے ججز کی سیکیورٹی کم کرنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔

ان وی آئی پیز میں وفاقی وزرا، مشیر، چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی اور اعلیٰ عدالتوں کے ججز شامل ہیں جبکہ سینئر بیوروکریٹس میں وزارتوں کے سیکریٹریز شامل ہیں۔ ذرائع نے کہا کہ ان وی آئی پیز کو مقامی پولیس اہلکار تعینات کرکے تحفظ فراہم کرتی ہے جبکہ چند وی آئی پیز کی سیکیورٹی کے لیے رینجرز اہلکار بھی تعینات کیے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وی آئی پیز اور سینئر بیوروکریٹس کی سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کی تعداد کم کرکے بلیو بک میں درج مجوزہ تعداد کے مطابق کردی گئی ہے۔ ڈان نیوز کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ بلیو بک کے مطابق ہر وی آئی پی صرف دو پولیس اہلکار رکھنے کا مجاز ہے، چاہے وہ ان کے گھروں پر ڈیوٹی دیں یا وی آئی پی شخص کے ساتھ سفر کریں۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ اس وقت بیشتر وی آئی پیز اور سینئر بیوروکریٹس کے ساتھ متعین سکیورٹی اہلکاروں سے زیادہ موجود ہیں۔

اس طرح وی آئی پیز اور سینئر بیوروکریٹس سے درجنوں پولیس اہلکار واپس لے لیے جائیں گے۔ ذرائع نے کہا کہ قبل ازیں کابینہ ڈویژن نے وی آئی پیز سے مجوزہ تعداد سے زائد سکیورٹی اہلکار واپس لینے کا فیصلہ کیا تھا اور وزارت داخلہ کو اس پر عملدرآمد کی ہدایت کی تھی۔ اس ہدایت پر ردعمل میں وزارت نے انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس کو حکم پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد کا حکم دیا تھا۔