مقبوضہ جموںوکشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی ریاستی دہشت گردی کی مذمت

جمعرات 21 اکتوبر 2021 12:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2021ء) جموں وکشمیر پیپلز موومنٹ کے نائب چیئرمین عبدالمجید ملک، جموں کشمیر پیر پنجال فریڈم موومنٹ کے نائب چیئرمین قاضی عمران اور جموں کشمیر پیپلز ایسوسی ایشن کے کنوینر خالد شبیر نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارتی فوج بیگناہ کشمیری نوجوانوں کو آئے روز جعلی مقابلوں میں شہید کر رہی ہے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق انہوںنے اسلام آباد سے جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ بھارت حق پر مبنی کشمیریوں کی تحریک آزادی کو بدنام کرنے کے لیے انتہائی اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز نے جموں خطے کے اضلاع پونچھ اور راجوری میں گزشتہ تقریباً ڈیڑھ ہفتے سے نام نہا د تلاشی آپریشن شروع کر رکھا ہے جس کی آڑ میں بیسیوں افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ گرفتار کیے جانے والوں میں ایک خاتون اور اسکے دو بیٹے بھی شامل ہیں ۔ عبدالمجید، ملک قاضی عمران اورخالد شبیر نے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لیں اور کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دلانے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔