بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے، خواجہ فردوس

جمعرات 21 اکتوبر 2021 12:05

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ڈیموکریٹک پولیٹیکل موومنٹ کے چیئرمین خواجہ فردوس نے کہا ہے کہ بھارت حق پر مبنی کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق خواجہ فردوس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوجی محاصرے اور تلاشی کی نام نہاد کارروائیوںکے دوران بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو شہید اور گرفتارکر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ کشمیریوں کو خوف و دہشت کا شکار کرنے کیلئے این آئی اے اور دیگر بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی کا استعما ل کیا جا رہا ہے۔ خواجہ فردوس نے کہا کہ بھارت کی یہ غلط فہمی ہے کہ وہ جبر و استبداد کے ہتھکنڈوں سے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبا سکے گا۔ خواجہ فردوس نے کہاکہ جمو ں وکشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ خطہ ہے جس پر بھارت نے طاقت کے بل پر قبضہ جما رکھا ہے۔ انہوںنے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کو مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی پامالیوں سے روکیں او ر مسئلہ کشمیرکے حل کیلئے کردار ادا کریں۔