Live Updates

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کو اہم اجلاس میں فوری شرکت کی ہدایت

شیخ رشید اسلام آباد پولیس کی تقریب چھوڑ کر وزیراعظم ہاؤس روانہ ہوگئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 21 اکتوبر 2021 12:32

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کو اہم اجلاس میں فوری شرکت کی ہدایت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 اکتوبر 2021ء) : وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کو وزیراعظم ہاؤس میں اہم اجلاس کے لیے فوری شرکت کی ہدایت کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اہم اجلاس میں فوری شرکت کی ہدایت پر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید اسلام آباد پولیس کی تقریب چھوڑ کر وزیراعظم ہاؤس روانہ ہوگئے۔ وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے ملاقات کی۔

اس ملاقات میں وزیر داخلہ نے وزیراعظم عمران خان کو امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ قبل ازیں اسلام آباد میں پولیس لائنز میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فرانسیسی سفارتکار سے ہٹ کر ملک میں مدینہ کی ریاست کے قیام کے لیے وزیر اعظم عمران خان کام کررہے ہیں جبکہ فرانسیسی سفارتکار کو بے دخل کرنے سے ہمارے یورپی ممالک کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہوجائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ کالعدم تحریک لبیک کے مطالبے پر فرانسیسی سفیر کو ملک سے نہیں نکال سکتے، فرانسیسی سفیر کو نکالنے کا مطلب ہے کہ ہم یورپی یونین سے باہر ہوجائیں گے، عمران خان کی تمام صورتحال پر نظر ہے، کسی نے قانون ہاتھ میں لیا تو قانون اسے ہاتھ میں لے گا۔ اپوزیشن کے احتجاج سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ پی ڈی ایم نے میرے شہر کو چنا، انہیں کہتا ہوں کہ بڑے شوق سے احتجاج کریں اور قانون کو ہاتھ میں نہ لیں تو کوئی مسئلہ بھی نہیں ہوگا، اپوزیشن اگر انتخابات سے قبل انارکی پھیلائے گی تو خود اپنے لیے گڑھا کھودے گی۔

انہوں نے کہا کہ جس قدر اپوزیشن جماعتوں کو میڈیا کی توجہ حاصل ہے اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ملک میں جمہوری اور سیاسی آزادیاں ہیں۔ شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ اگر پی ڈی ایم یا ٹی ایل پی نے قانون ہاتھ میں لیا تو ان کے خلاف بھرپور ایکشن ہوگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات