انٹر ڈیپارٹمنٹ نیٹ بال چمپئن شپ 28 نومبر سے شروع ہوگی

جمعرات 21 اکتوبر 2021 13:40

انٹر ڈیپارٹمنٹ نیٹ بال چمپئن شپ 28 نومبر سے شروع ہوگی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2021ء) پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام انٹرڈیپارٹمنٹ نیٹ بال چمپئن شپ 28 نومبر سے پی ایس بی کوچنگ سنٹر کراچی میں شروع ہوگی اور چمپئن شپ میں پاکستان آرمی کی ٹیم اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔

(جاری ہے)

گذشتہ روز پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر آرائیں نے بتایا کہ چمپئن شپ کی تیاریاں ابھی سے شروع کردی گئی ہیں اورچمپئن شپ میں ملک بھر سے مختلف چھ محکموں کی ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں پاکستان آرمی، پاکستان ایئرفورس، پاکستان نیوی، پاکستان پولیس، پاکستان ریلوے اور پاکستان واپڈا کی ٹیمیں شامل ہیں۔

ان ٹیموں کو چمپئن شپ میں شرکت کے لئے دعوت نامے بھیج دیئے گئے ہیں۔ چمپئن شپ میں فائنل اور تیسری پوزیشن کے میچز 30 نومبر کو کھیلے جائیں گے اور چمپئن شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، میڈلز اور اسناد تقسیم کی جائیں گی۔ چمپئن شپ کے حوالے سے مزید معلومات کے لئے پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل سید گوہر رضا سے رابطہ قائم کیا جاسکتا ہے۔