روپے کی قدر کم ہونے سے کچھ پاکستانیوں کو نقصان ہورہا ہے تو سمندر پار پاکستانیوں کے اہل خانہ کو فائدہ بھی ہورہا ہے، گور نر اسٹیٹ بینک

پاکستان میں مہنگائی مصنوعی اور عارضی ہے جس پر جلد قابو پا لیا جائے گا، آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات مثبت سمت میں چل رہے ہیں، کوئی ایسی ڈیل نہیں کی جائے گی جس سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو، رضا باقر

جمعرات 21 اکتوبر 2021 14:20

روپے کی قدر کم ہونے سے کچھ پاکستانیوں کو نقصان ہورہا ہے تو سمندر پار ..
مانچسٹر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2021ء) گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے انوکھی منطق پیش کی ہے کہ ڈالر مہنگا ہونے اور روپے کی قدر کم ہونے سے اگر کچھ پاکستانیوں کو نقصان ہورہا ہے تو سمندر پار پاکستانیوں کے اہل خانہ کو فائدہ بھی ہورہا ہے۔گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈالر کی قیمت بڑھنے سے کچھ لوگوں کو فائدہ اور کچھ کو نقصان ہوتا ہے، اوورسیز پاکستانیوں کو فائدہ ہوتا ہے کیونکہ ان کے بھیجے پیسے ان کے پیاروں کو زیادہ ملتے ہیں، صرف ان لوگوں کی بات نہ کریں جنہیں نقصان ہوتا ہے، جنہیں فائدہ ہوتا ہے ہمیں ان لوگوں کو بھی نہیں بھولنا چاہئے، اس سال اگر ہماری ترسیلات زر 30 ارب ڈالر ہوجاتی ہیں اور چند ماہ میں روپے کی قدر میں 10 فیصد بھی کمی ہوئی تو اوورسیز پاکستانیوں کے خاندان کو 3 ارب ڈالر (500 ارب روپی)اضافی ملیں گے۔

(جاری ہے)

رضا باقر نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی مصنوعی اور عارضی ہے جس پر جلد قابو پا لیا جائے گا، آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات مثبت سمت میں چل رہے ہیں، کوئی ایسی ڈیل نہیں کی جائے گی جس سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو۔انہوںنے کہاکہ آئی ایم ایف کیساتھ معاہدے کی تفصیلات سب کے سامنے آئیں گی۔انہوںنے کہاکہ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کی تمام شرائط پوری کر دی ہیں، ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکل جائیں گے۔