سعودی عرب، ایک ہفتے میں صارفین نے 8.7 ارب ریال خرچ کر ڈالے

صارفین نے کھانے اور پینے کی چیزوں پر تقریبا 1.3 ارب ریال خرچ کیے،مرکزی بینک کے اعدادوشمارجاری

جمعرات 21 اکتوبر 2021 17:29

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2021ء) سعودی عرب میں مرکزی بینک نے گذشتہ ہفتے (10 اکتوبر سے 16 اکتوبر تک)کے دوران میں مملکت میں صارفین کی خرچ کردہ رقم سے متعلق اعداد و شمار جاری کردیئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق مرکزی بینک نے بتایاکہ گذشتہ ہفتے 11.12 کروڑ ٹرانزیکشن کے ذریعے 8.7 ارب ریال کے قریب خرچ کیے گئے۔ صارفین نے کھانے اور پینے کی چیزوں پر تقریبا 1.3 ارب ریال خرچ کیے۔

اس کے بعد ریستوران اور قہوہ خانوں میں تقریبا 1.27 ارب ریال خرچ کیے گئے۔صارفین نے 83.33 کروڑ ریال سامان و لوازمات اور مختلف خدمات کی مد میں خرچ کیے۔ اس کے علاوہ 65.52 کروڑ ریال صحت پر ، 59.42 کروڑ ریال ایندھن اسٹیشنوں پر ، 56.98 کروڑ ریال کپڑوں اور جوتوں پر اور 48.75 کروڑ ریال ٹرانسپورٹ سیکٹر میں خرچ کیے گئے۔

(جاری ہے)

اسی طرح مملکت میں 35.27 کروڑ ریال تعمیراتی مواد پر ، 27.25 کروڑ ریال فرنیچر اور گھریلو سامان پر 26.78 کروڑ ریال تفریحی اور ثقافتی سرگرمیوں پر ، 23.96 کروڑ ریال الکٹرونک اور بجلی کے آلات پر اور 19.46 کروڑ ریال ہوٹل میں قیام پر خرچ ہوئے۔

شہروں کے لحاظ سے صارفین نے سب سے زیادہ رقم 2.7 ارب ریال دارالحکومت ریاض میں خرچ کی۔ اس کے بعد جدہ میں 1.3 ارب ریال ، دمام میں 46.5 کروڑ ریال ، مدینہ منورہ میں 31.6 کروڑ ریال ، مکہ مکرمہ میں 29.83 کروڑ ریال جب کہ دیگر شہروں میں مجموعی طور پر 2.6 ارب ریال خرچ کیے گئے۔