اپوزیشن کو عدم اعتماد تحریک کیلئے ایک دوسرے کے قریب آنا ہو گا‘راجہ پرویز اشرف

جس انداز میں حالات تبدیل ہو رہے ہیں،یہ حکومت منزل کی طرف نہیں جا رہی ، اپنے بوجھ سے گرجائے گی حکومت چلانے کے کچھ اصول اور طور طریقے ہوتے ہیں،جادو ٹونے سے کام نہیں چلتا،حکومت کو اپنی ناکامی کا اعتراف کر لینا چاہیے‘میڈیا سے گفتگو

جمعرات 21 اکتوبر 2021 20:12

اپوزیشن کو عدم اعتماد تحریک کیلئے ایک دوسرے کے قریب آنا ہو گا‘راجہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ جس انداز میں حالات تبدیل ہو رہے ہیں،یہ حکومت منزل کی طرف نہیں جا رہی یہ اپنے بوجھ سے گر جائینگے،سب ملکر عدم اعتماد کی کوشش کریں تو کامیاب ہو سکتی ہے،خواہش ہے کہ ساری جماعتیں اکھٹے ہو کر ان ہائوس تبدیلی یا پنجاب میں عدم اعتماد لائیں ،حکومت چلانے کے کچھ اصول اور طور طریقے ہوتے ہیں،جادو ٹونے سے کام نہیں چلتا،حکومت کو اپنی ناکامی کا اعتراف کر لینا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عثمان ملک کے گھر انکے برادر نسبتی مظہر حیات تارڑ کی وفات پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ حکمرانوں نے مہنگائی کو اس بلندی پر پہنچا دیا ہے جسکی تک نہیں بنتی پاکستان میں آج کل ایک ہی مسئلہ ہے وہ ہے مہنگائی۔

(جاری ہے)

موجودہ حکومت نے اپنی انتخابی مہم میں رٹ لگاتی تھی کہ بجلی گیس مہنگی ہو تو وزیر اعظم چور ہے،ہمارا سرکلر ڈیٹ 400ارب تھا آج 2000ارب پر پہنچ چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بیروزگاری کے باعث ہر گھر میں ایک بیروزگار بیٹھا ہے۔انہوں نے قرضہ ختم کرنے کی بجائے کئی ہزار ارب اوپر چڑھا لیا،لوگوں کا جینا محال ہو چکا ہے غریب مہنگائی کے باعث خود کشیوں پر مجبور ہو چکے ہیں،حکمران عوام کیلئے آسانیاں پیدا کریں،روپے کی بے قدری کا کون ذمہ دار ہے،اب روتے کیوں ہیں ،ہم نے زراعت سے وابستہ افراد کی حالت بدلی،آج ہم گندم یوکرائن سے منگا رہے ہیں،سابق دور کی کرپشن عدالت میں ثابت کریں۔

راجہ پرویز اشرف نے مطالبہ کیا کہ حکومت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو فوری نیچے لائے۔ملک کس طرح چلے گا،غیر یقینی کی کیفیت ہے۔عوام الناس اٹھ کھڑے ہوں جتنی جلدی ہو سکے اس حکومت سے جان چھڑانا ہو گی۔مہنگائی کیخلاف پیپلز پارٹی کا احتجاج جاری رہیگا۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ این اے 133کیلئے امیدوار کا اعلان آج بروز ( جمعہ ) کو کریں گے ۔پیپلز پارٹی پنجاب اور قومی اسمبلی میں عدم اعتماد کے حق میں ہے،پھر کوشش کرینگے یہ آنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو عدم اعتماد تحریک کیلئے ایک دوسرے کے قریب آنا ہو گا،پیپلز پارٹی ایوانوں کے اندر اور باہر عوامی ایشو پر احتجاج کر رہی ہے۔آصف زرداری ملکی حالات کے باعث بہت پریشان ہیں ،معیشت،امن و امان اور ملکی حالات ٹھیک نہیں ہیں۔اپوزیشن کے اکھٹے ہونے تک عدم اعتماد کامیاب نہیں ہو سکتی حکومت جو کہتی ہے ، کرتی نہیں وہ سنجیدہ نہیں۔حکومت ای وی ایم پر اپوزیشن کے تحفظات دور کرے۔رکشے اور موٹر سائیکل والے کو سستا پیٹرول سیاسی شعبدہ بازی ہے۔جھوٹ کا پلندہ بنا کراپوزیشن پر حملوں کے سوا حکمرانو نے کچھ نہیں کیا،چار ماہ میں 8مرتبہ تیل کی قیمت بڑھی ہے۔