غذائی قلت کے تدارک کے لیے ملکر اقدامات اٹھانے ہوں گے، وائس چانسلربہائوالدین زکریایونیورسٹی

جمعرات 21 اکتوبر 2021 17:48

ملتان۔21اکتوبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2021ء) :وائس چانسلربہائوالدین زکریایونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے کہا ہے کہ غذائی قلت دنیا بھر کا مسئلہ ہے اور ہمیں مل کر اس مسئلہ کے تدارک کے لیے اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ اگر آج اس اہم ترین مسئلہ توجہ نہ دی گئی تو آنے والی نسلیں غذائی قلت کے چیلنج کا سامنا نہیں کرسکیں گی۔

انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنسز اینڈ نیوٹریشن بہائوالدین زکریایونیورسٹی ملتان کے زیراہتمام ورلڈ فوڈ ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلرنے مزید کہا کہ ورلڈ فوڈ ڈے منانے کا مقصد اس وقت پورا ہوگا جب ہم غذائی قلت کے بڑھتے ہوئے رحجان پر قابو پالیں گے اور صاف پانی کے ساتھ ساتھ ایک اچھی صاف ستھری غذا بھی ہر کسی تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

بھارت ، افغانستان ، بنگلہ دیش سمیت اس پورے خطہ میں ایک اچھی اور صاف ستھری خوراک ناپید ہوچکی ہے اور اس اہم مسئلہ پر پوری دنیا تیزی کے ساتھ کام کررہی ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم بھی اس میں اپنا بھرپور حصہ ڈالیں اور ان افراد تک صاف ستھری غذا پہنچانے کا باقاعدہ اہتمام کریں جن کی رسائی خوراک تک نہ ہو۔ انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنسز اینڈ نیوٹریشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سعید اختر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ غذائی قلت ایک بہت بڑا چیلنج بن کر ہمارے سامنے آن کھڑا ہوا ہے اور ہم نے اس چیلنج کو قبول کرلیا ہے اور کوشش کررہے ہیں کہ کمیونی کیشن کے اس دور میں اس پیغام کو تیزی کے ساتھ پھیلا یاجائے۔

ورلڈ فوڈ ڈے کے حوالے سے انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنس اینڈ نیوٹریشن میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی کی قیادت میں آگاہی واک بھی کی گئی ۔