آئی جی پنجاب کی زیر صدارت صوبہ میں جرائم کی بیخ کنی اور امن و امان بارے ویڈیو لنک کانفرنس

صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو برقراررکھنے اور جرائم کی بیخ کنی کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے فیلڈ کمانڈرز پبلک سروس ڈلیوری کو بہتر سے بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل کے بروقت حل کو یقینی بنائیں :آئی جی پنجاب

جمعرات 21 اکتوبر 2021 22:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اکتوبر2021ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب رائو سردار علی خان نے کہا ہے کہ جرائم کی بیخ کنی اور صوبہ میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے تمام دستیاب وسائل کے موثر استعمال کو یقینی بناتے ہوئے عوام کی جان ومال کے تحفظ میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے جبکہ احتجاج کی آڑ میں شاہرات کو بلاک کرنے اور شہریوں کیلئے مسائل کا سبب بننے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے ۔

انہوں نے مزیدکہاکہ ریاست کی رٹ کو برقرار رکھنا پولیس کے بنیادی فرائض میں شامل ہے لہذا نقص امن کی ہرکوشش کو ناکام بنانے کیلئے شرپسند و سماج دشمن عناصر اور انکے سہولت کاروں کے خلاف کاروائی میں کوئی رعائیت نہ برتی جائے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ جن علاقوں میں جرائم کی شرح زیادہ ہے وہاں پٹرولنگ نفری کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ پٹرولنگ پلان کی موثر مانیٹرنگ پر بطور خاص توجہ دی جائے جبکہ جرائم پیشہ افراد کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ اشتہاریوںمجرمان بالخصوص اے کیٹیگری کے مجرمان اور عدالتی مفروان کے خلاف جاری مہم کی مئوثر سپرویژن کو یقینی بنایا جائے جبکہ پولیس کے انٹیلی جنس نیٹ ورک کو مضبوط سے مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ شہریوں کیلئے پریشانی کا باعث بننے والوں سے کوئی رعائیت نہ برتی جائے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ٓرگنائزڈکرائم بالخصوص منشیات، جواء، اور فحاشی کے اڈوں کے خاتمے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کاروائیاں جاری رکھی جائیں اور جرائم میںملوث ملزمان کو مضبوط چالانوں کے ذریعے عدالتوں سے سخت سے سخت سزائیں دلوائی جائیں ۔

انہوں نے مزیدکہاکہ فیلڈ کمانڈرز پبلک سروس ڈلیوری کو بہتر سے بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل کے بروقت حل کواولیت دیں جبکہ ضلعی پولیس، سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ باہمی کوارڈی نیشن اور انفارمیشن شیئرنگ کو مزید موثر اور بہتر سے بہتر بنائیں ۔ یہ ہدایات انہوںنے آج سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ ویڈیو لنک کانفرنس کے دوران صوبے کے تمام آر پی اوز کو بذریعہ ویڈیو لنک جاری کیں ۔

دوران اجلاس صوبے میں جرائم کی بیخ کنی اور امن و امان کی صورتحال بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایڈیشنل آئی جی آپریشنز اور آر پی اوز نے آئی جی پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیس ٹیمیں عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے صوبے کے تمام اضلاع میں شب و روز مصروف عمل ہیں اورشہریوں کیلئے پبلک سروس ڈلیوری کی فراہمی کو مزید بہتر اورآسان تر بنایا جارہا ہے ۔

انہوںنے مزیدکہاکہ بہترین تفتیش سے مقدمات کے ورک آئوٹ کی شرح کو بہتر سے بہتر بناتے ہوئے مجرمان کو قرار واقعی سزائیں دلوانا جرائم کنٹرول کا حقیقی فارمولا ہے چنانچہ تھانوں میں درج ہونے والے ہر مقدمہ کی انویسٹی گیشن کے مراحل کیلئے کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ پر بطور خاص توجہ دی جائے جبکہ کرائم سین پر موجود شہادتوں کو محفوظ بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی اورماڈرن پریکٹس کے موثر استعمال پرفوکس رکھا جائے۔

اجلاس میں سی سی پی او لاہور غلا م محمود ڈوگر، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز صاحبزادہ شہزاد سلطان، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ زعیم اقبال شیخ ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم احمد خان، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب ساجد کیانی ، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کیپٹن (ر) سہیل چوہدری اور اے آئی جی آپریشنز سید ذیشان رضا سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے ۔