آزاد جموں و کشمیر کے 74ویں یوم تاسیس کے موقع پر جامعہ کشمیر کے زیر اہتمام کشمیر سمینار کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی

جمعرات 21 اکتوبر 2021 23:44

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2021ء) آزاد جموں و کشمیر کے 74ویں یوم تاسیس کے موقع پر جامعہ کشمیر کے زیر اہتمام کشمیر سمینار کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ نیو وزیر اعظم ہائوس جلال آباد میں ہونے والے اس سیمینار سے وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی، کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار خان آفریدی ، سابق صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان، سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر ، مسلم کانفرنس کے رہنما اور سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان ، قانون ساز اسمبلی میں لیڈر آف اپوزیشن چودھری لطیف اکبر ، ممتاز سفارت کار اور وزارت خارجہ کی سابق ترجمان تسنیم اسلم ، اقبال انسٹیٹیوٹ آف ریسرچ و ڈائیلاگ اسلام آباد کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر حسن الامین ، آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی کے علاوہ دیگر مقررین بھی خطاب کرینگے۔

(جاری ہے)

کشمیر سمینار کے انتظام و انصرام کے لیئے یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر عائشہ سہیل نے پروفیسر ڈاکٹر صدیق اعوان ناظم مالیات و منصوبہ بندی کی سربراہی میں کور کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ جبکہ جامعہ کے جملہ ڈین حضرات پر مشتمل ایک ااستقبالیہ کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔ حافظ روشن دین ڈائریکٹر ورکس کی قیادت میں قائم کمیٹی سمینار کی جگہ اور وہاں درکار انتظامات کی نگرانی کیلئے قائم کی گئی ہے۔

جبکہ ڈپٹی رجسٹرار سردار ظفر اقبال کی قیادت میں قائم کمیٹی سمینار کی پبلکسٹی اور میڈیا کے امور کی نگرانی کیلئے قائم کی گی ہے۔ یوم تاسیس کی مناسبت سے ہونے والے ا س سمینار کے دو سیشن ہو گے۔ پہلے سیشن کی صدارت پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار آفریدی کرینگے جبکہ سابق صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان اس سیشن کے مہمان خصوصی ہونگے۔

دوسرے کی صدارت وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی کرینگے جس میں پارلیمانی سیاسی جماعتوں کے قائدین لطیف اکبر ، سردار عتیق احمد خان ، راجہ فاروق حیدر خان ، خواجہ فاروق احمد اور دیگر رہنماء خطاب کرینگے۔ دریں اثناء آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جامعہ کشمیر 2016؁ء سے آزاد کشمیر کا یوم تاسیس ایک تسلسل کے ساتھ مناتی چلی آ رہی ہے۔

اور اپنی اس روایت کو قائم رکھتے ہوئے جامعہ اس سال بھی ریاست کا یوم تاسیس پورے جوش و خروش اور قومی جذبے سے منائے گی تاکہ نواجوان نسل کو تحریک آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال اور اُن محرکات سے آگاہ کیا جائے جو 24اکتوبر 1947؁ء کے وقت غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی قیادت میں بننے والی انقلابی حکومت کا سبب بنے تھے۔