شاہ رخ خان کی جیل کے باہر موجود لوگوں کے سامنے ہاتھ جوڑنے کی ویڈیو وائرل

جمعہ 22 اکتوبر 2021 00:06

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2021ء) بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی آرتھر روڈ جیل کے باہر موجود لوگوں کے سامنے ہاتھ جوڑنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔شاہ رخ خان منشیات کیس میں گرفتار اپنے بیٹے آریان خان سے ملنے آرتھر روڈ جیل پہنچے۔ آریان کی گرفتاری کے بعد کنگ خان پہلی بار اس سے ملاقات کرنے کے لیے جیل آئے۔

جہاں دونوں باپ بیٹے کے درمیان تقریبا 18 منٹ تک بات چیت ہوئی۔ رپورٹس کے مطابق آریان خان اپنے والد کو جیل میں دیکھ کر جذباتی ہوگئے۔

(جاری ہے)

آریان سے ملاقات کرنے کے بعد شاہ رخ خان جیل سے باہر آئے جہاں بہت سارے لوگ موجود تھے۔ شاہ رخ خان جیل کے باہر موجود لوگوں کے سامنے ہاتھ جوڑتے ہوئے آگے بڑھے۔شاہ رخ خان کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ لوگوں کے سامنے عاجزی سے ہاتھ جوڑتے ہوئے اور ہاتھ لہراتے ہوئے اپنی کار کی طرف بڑھ رہے ہیں۔جیل کے باہر صحافیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جو شاہ رخ خان سے مسلسل سوال کررہے تھے کہ ان کے اور آریان کے درمیان کیا بات چیت ہوئی۔ تاہم شاہ رخ خان بغیر کسی کے سوال کا جواب دئیے چپ چاپ گاڑی میں بیٹھ کر روانہ ہوگئے۔