محکمہ صحت عامہ کی جانب سے ڈینگی کنٹرول کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں

جمعرات 21 اکتوبر 2021 20:10

مظفرآباد ۔21اکتوبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2021ء) :محکمہ صحت عامہ کی جانب سے ڈینگی کنٹرول کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں وزیر اعظم آزاد کشمیر ،وزیر صحت عامہ ،چیف سیکرٹری ،سیکرٹری صحت عامہ ،ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ اور ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز سی ڈی سی صورت حال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں ضلعی انتظامیہ اور تمام محکمہ جات کے تعاون سے ڈینگی کنٹرول سرگرمیاں جاری و ساری ہیں ۔

مچھروں کی افزائش نسل کی جگہوں کو تلف کیا جارہا ہے اور تعلیمی ادارہ جات میں ہیلتھ ایجوکیشن سیشنز دئے جا رہے ہیں صبح اور شام کے اوقات کار میں فوگنگ کا عمل بھی جاری و ساری ہے۔واضح رہے کہ جس رفتار سے ستمبر کے اوائل میں کیسز رپورٹ ہونا شروع ہوئے تھے اسی طرح رپورٹ ہوتے رہتے تو مریضوں کی تعداد اس وقت تک 3000سے تجاوز کر چکی ہوتی ۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت عامہ کے بروقت اقدامات کی وجہ سے ڈینگی کیسز میں کمی آرہی ہے اور جتنے بھی مریضوں کو گھروں میں آئسولیٹ کیا گیا ہے وہ بھی الحمداللہ رو بصحت ہو رہے ہیں ۔

اس وقت تک ڈینگی کی وجہ سے جانی نقصان نہیں ہوا مورخہ 29ستمبرتا07اکتوبر 2021مظفرآباد میں محکمہ صحت عامہ کے تمام شعبہ جات بالخصوص سی ڈی سی ، نیشنل پروگرام اور محکمہ زراعت کے اشتراک سے ڈینگی کنٹرول مہم چلائی گئی جس کے مطابق  مظفرآباد میں ہیلتھ سیشنز ،ڈور ٹو ڈور سرویلنس ،سپرے اور پرائیویٹ سیکٹرز کے ڈینگی کیسز کی رجسٹریشن کی گئی مریضوں میں مچھر دانیاں تقسیم کرکے انھیں آئسولیٹ کیا گیا ۔

دوسرے مرحلے میں تمام ہاٹ سپاٹس پر دو دو روزہ سرویلنس اور سپرے مہم ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر مظفرآباد کی زیر نگرانی جاری و ساری ہے۔ڈینگی کیس رپورٹنگ سسٹم میں پہلی بار آزاد کشمیر کے پرائیویٹ سیکٹرز کو بھی شامل کیا گیا جن سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ حاصل کر کے  یکجا کی جارہی ہے ۔اسی وجہ سے کیسز میں اضافہ بھی ہوا۔ وبائی صورت حال کے پروٹو کول کے تحت جملہ پرائیویٹ لیبارٹریز اور ہسپتال ھاء کو بھی مانیٹرکیا جا رہا ہے اور ان کی رپورٹ پر بھی مطلوبہ اقدامات عمل میں لائے جاتے رہے ہیں  مرکزی ڈینگی کنٹرول روم اور ضلعی کنٹرول رومز اور عید میلاد النبی ۖاور ہفتہ وار کی تعطیلات کے باوجود بھی 24/7فعال ہیں اور ڈائریکٹر سی ڈی سی ڈاکٹر نسیم حسرت قاضی تمام تر صورت کو باریک بینی سے مانیٹر کر رہے ہیں تا کہ عوام  کو ڈینگی کی وبائی صورت حال سے بچایا جا سکے ۔

ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر نسیم حسرت قاضی ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز سی ڈی سی نے اپنے اخباری بیان میں کیا۔