وزارت خزانہ نے مہنگائی کے حوالے سے بین الاقوامی جریدے اکانومسٹ کی رپورٹ پر سوالات اٹھا دیئے

وینزویلا میں 1946، سوڈان میں 366، لبنان میں 138 فیصد مہنگائی ہے، جبکہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح 8.98 فیصد ہے، پھر کن بنیادوں پر پاکستان کو دنیا کا چوتھا مہنگا ترین ملک قرار دیا گیا؟

muhammad ali محمد علی جمعرات 21 اکتوبر 2021 23:25

وزارت خزانہ نے مہنگائی کے حوالے سے بین الاقوامی جریدے اکانومسٹ کی رپورٹ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اکتوبر2021ء) وزارت خزانہ نے بین الاقوامی جریدے اکانومسٹ کی عالمی افراط زر رپورٹ پر سوالات اٹھا دیئے۔ تفصیلات کے مطابق غیر ملکی جریدے اکانومسٹ کی جانب سے گزشتہ روز عالمی سطح پر مہنگائی کے حوالے سے ایک رپورٹ جاری کی گئی تھی جس پر اب پاکستان کی وزرات خزانہ نے ردعمل دیا ہے۔ ترجمان وزارت خزانہ نے سوال اٹھایا ہے کہ اکانومسٹ نے زیادہ مہنگائی والے ممالک کی فہرست کن بنیادوں پر تیار کی اور پاکستان کو دنیا کا چوتھا مہنگا ترین ملک کن بنیادوں پر قرار دیا گیا؟ وزارت خزانہ کے مطابق وینزویلا میں 1946، سوڈان میں 366، لبنان میں 138 فیصد مہنگائی ہے۔

زیادہ مہنگائی والے ممالک کی فہرست میں پاکستان 30ویں نمبر پر ہے جہاں مہنگائی کی شرح 8.98 فیصد ہے۔

(جاری ہے)

وزارت خزانہ کے بیان کے مطابق حکومت نے کورونا کے اثرات پر قابو پانے کیلئے کئی معاشی اقدامات کئے ہیں، گندم 1950 روپے فی من اور چینی 90 روپے فی کلو پر فراہم کررہی ہے، احساس ایمرجنسی پروگرام کے تحت ایک کروڑ 48 لاکھ خاندانوں میں 179.3 ارب روپے تقسیم کئے ہیں، زراعت کے شعبے کو تقویت دینے کیلئے 277 ارب روپے ایمرجنسی پروگرام دیا گیا، جبکہ عالمی منڈی میں برنٹ 85 ڈالر بیرل ہونے پر حکومتی ٹیکسز کی شرح کم کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ غیر ملکی جریدے "دی اکانومسٹ" نے عالمی سطح پر مہنگائی میں اضافے کے بعد ایک خصوصی رپورٹ شائع کی ہے۔ رپورٹ میں کل 43 ممالک میں مہنگائی کی شرح کا جائزہ لیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق دنیا میں سب سے زیادہ مہنگائی کی شرح والے ممالک میں پاکستان چوتھے نمبر پر ہے۔ رپورٹ کے مطابق دنیا میں سب سے زیادہ مہنگائی کی شرح والا ملک ارجنٹینا ہے جہاں مہنگائی کی شرح ہوشربا 51 فیصد سے زائد ہے، جبکہ دنیا میں سب سے کم مہنگائی کی شرح جاپان میں ہے، جہاں مہنگائی کی موجودہ شرح منفی صفر عشاریہ 4 ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسلامی ممالک میں سب سے زیادہ مہنگائی ترکی میں ہے، جہاں اس وقت مہنگائی کی شرح 19 عشاریہ 6 فیصد ہے، عالمی سطح پر زیادہ مہنگائی کے حوالے سے ترکی کا دوسرا نمبر ہے۔ جبکہ برازیل 10 عشاریہ 2 فیصد مہنگائی کی شرح کیساتھ فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے۔ پاکستان میں مہنگائی کی موجودہ شرح 9 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔