سعودی عرب میںپاسپورٹ سے منسلک شہریوں کے ڈیٹا کے لیے الیکٹرانک چپ متعارف کرانے کااعلان

جمعہ 22 اکتوبر 2021 10:55

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2021ء) سعودی عرب نے ایک الیکٹرانک چپ متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔اس میں شہریوں کا ڈیٹا شامل ہوگا اور اسے ان کے پاسپورٹ سے منسلک کیا جائے گا۔اس اقدام کا مقصد مملکت میں مختلف خدمات کومربوط اورڈیجیٹل بنانے کے عمل میں سہولت پیدا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

سعودی وزارت داخلہ کے ایک ذریعے نے عرب ٹی وی کوبتایا کہ آیندہ چند ماہ میں ڈیجیٹل قومی شناخت متعارف کرائی جائے گی۔

اس سے ڈیجیٹل ویزاجاری کرتے وقت بائیومیٹرک اور فنگرپرنٹ کی رجسٹریشن بھی دستیاب ہوگی اور لوگوں کواس مقصد کے لیے سفارت خانوں میں جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔واضح رہے کہ سعودی عرب کے سرکاری اداروں کی ڈیجیٹل ایپلی کیشنز کے صارفین کی تعداد دوکروڑ چالیس لاکھ سے متجاوزہوچکی ہے۔ان میں سعودی شہری، مملکت میں مقیم تارکینِ وطن اورعمرہ وحج کے زائرین شامل ہیں۔