لاہور کے داخلی و خارجی راستے کنٹینر لگا کر بند کر دیے گئے، اسلام آباد جانے والے راستے بند

لاہور سے اسلام آباد کی جانب مارچ کی کال دئیے جانے کے بعد سے جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں سیکیورٹی ہائی الرٹ،لاہور کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 22 اکتوبر 2021 12:53

لاہور کے داخلی و خارجی راستے  کنٹینر لگا کر بند کر دیے گئے، اسلام آباد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 اکتوبر 2021ء) :کالعدم تنظیم کے لاہور سے اسلام آباد مارچ و متوقع احتجاج سے نمٹنے کے لیے راولپنڈی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی جب کہ مری روڈ سمیت اہم شاہراہوں کو کنٹینرز اور رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کر دیا گیا ہے۔جمعے کی نماز کے بعد لاہور سے اسلام آباد کی جانب مارچ کی کال دئیے جانے کے بعد سے جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد جانے والے راستوں کو کنٹینرز اور خاردار تاروں کے ذریعے سیل کر دیاگیا ہے۔علاوہ ازیں لاہور کے داخلی و خارجی راستے بھی کنٹینر لگا کر بند کر دئے گئے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد اور راولپنڈی کی مختلف سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تاہم ٹریفک پولیس نے مسافروں کو متبادل راستوں سے متعلق اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایکسپریس چوک سے ڈی چوک تک ٹریفک کے لیے دونوں اطراف بند ہیں۔ نادرا چوک اور ایوب چوک ریڈ زون جانے اورآنےکے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ ترجمان ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان سفر کے لیے نائتھ ایونیو استعمال کریں۔ فیض الاسلام اسٹاپ، مری روڈ پر سڑک ٹریفک کے دونوں اطراف سے بند ہے۔

اسلام آباد سے مری روڈ راولپنڈی جانے والی ٹریفک کو اسلام آباد ہائی وے پر موڑ دیا گیا ہے۔ اسلام آباد ہائی وے سے آئی جے پی روڈ تک سوہان اسٹاپ پر ٹریفک کے لیے ڈائیورشن ہے۔ شہری متبادل طور پر فیصل ایونیو استعمال کریں۔ مری روڈکو مریڑ چوک سے فیض آباد تک کنٹینر لگا کربند کر دیا گیا ہے۔ مری روڈ پر کسی طرف سے بھی ٹریفک داخل نہیں ہوسکے گی۔ ٹریفک پولیس کے مطابق نائنتھ ایونیو سے راولپنڈی جانے والی ٹریفک کو آئی جے پی روڈ کی طرف ڈائیورٹ کیا جائے گا۔ اسلام آباد جانے کے لیے پشاور روڈ اور آئی جے پی روڈ کے راستے استعمال کیے جاسکتے ہیں۔ اولڈ ائیر پورٹ روڈ اور مال روڈ تمام ٹریفک کے لیے کھلی ہیں۔ ہائی کورٹ چوک، کچہری اور مال روڈ پر ٹریفک پولیس کی اضافی نفری تعینات ہے۔