اداکار ایلک بالڈون کی گولی سے سنیماٹوگرافر خاتون ہلاک

DW ڈی ڈبلیو جمعہ 22 اکتوبر 2021 17:40

اداکار ایلک بالڈون کی گولی سے سنیماٹوگرافر خاتون ہلاک

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 22 اکتوبر 2021ء) امریکی ریاست نیو میکسیکو میں ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران فلمی اداکار اور پروڈیوسر ایلک بالڈون کی پراپ گن سے چلنے والی گولی سے خاتون سنیماٹوگرافر یا عکاس ہیلینا ہوچینز کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔

مارلین مونرو: صرف ایک سیکس سمبل نہیں تھیں

پراپ گن سے چلنے والی گولیوں سے فلم کے ہدایت کار جوئل سوزا بھی زخمی ہیں۔

پولیس تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے اور ایلک بالڈون پر کوئی فرد جرم عائد نہیں کی گئی۔

پولیس کا بیان

نیو میکسیکو کے علاقے سانتا فے کے کاؤنٹی شیرف کے دفتر کا کہنا ہے یہ حادثہ ایک فلم 'رَسٹ‘ کے سیٹ پر ہوا۔ اسی دفتر نے بتایا کہ اڑسٹھ سالہ اداکار و پروڈیوسر ایلک بالڈون کے خلاف ابھی تک کوئی کارروائی شروع نہیں کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس حادثے کے بعد فلم کی شوٹنگ روک دی گئی ہے۔

شیرف کے دفتر کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس کے سراغ رساں اور تفتیش کار یہ طے کرنے کی کوشش میں ہیں کہ پراپ گن سے نکلنے والا آتشیں مواد کس نوعیت کا تھا۔

فلمی فوٹوگرافی کا ایک ابھرتا ستارہ

خاتون سنیماٹوگرافر یا عکاس ہیلینا ہوچینز کو فلمی دنیا میں ان کی صلاحیتوں کے تناظر میں بہت وقعت دی جاتی تھی۔ وہ امریکن فلم انسٹیٹیوٹ کی تعلیم یافتہ تھیں۔

فلمی دنیا کے جریدے امریکن سینماٹوگرافر نے انہیں اپنی ایک اشاعت میں 'رائزنگ اسٹار‘ یا ابھرتا ہوا ایک ستارہ قرار دیا تھا۔ وہ قبل ازیں سن 2020 میں ریلیز ہونے والی فلم 'آرچ اینیمی‘ کی عکاسی کر چکی ہیں۔

ہالی وڈ اداکارہ اسکارلیٹ نے ڈزنی پر مقدمہ کر دیا

ہیلینا ہوچینز کا تعلق یوکرائن سے ہے۔ امریکی فلم انڈسٹری میں داخل ہونے سے پہلے وہ یورپ میں کئی دستاویزی فلموں کو عکس بند کر چکی تھیں۔

فلم کے سیٹ پر گولی لگنے کے بعد انہیں فوری طور پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے نیو میکسیکو ہسپتال پہنچایا گیا لیکن وہ جانبر نہیں ہو سکیں۔ ہدایت کار جوئل سوزا بھی ہسپتال میں زخمی حالت میں پہنچائے گئے تھے۔ ان کا علاج جاری ہے اور ان کی حالت خطر ے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

جونی ڈیپ نے بیوی پر ہاتھ اٹھایا یا بیوی نے ان کی پٹائی کی؟

ماضی کے اہم حادثات

ماضی میں فلم اور ٹیلی وژن میں پروڈکشن کے دوران افسوسناک حادثات رونما ہو چکے ہیں اور ان میں اموات بھی ہوئی تھیں۔

ان میں ایک واقعے میں مشہور کنگ فو ماسٹر بروس لی کے بیٹے برینڈن لی فلم 'دا کرو‘ کے سیٹ پر گولی لگنے سے ہلاک ہو گئے تھے۔ اسی طرح اداکار جان ایرک ہیکسم بھی سن 1984 میں شوٹنگ کے دوران سر کے بل گرنے سے دم توڑ گئے تھے۔

ع ح ع ا (روئٹرز، ڈی پی اے)