Live Updates

دنیا گلوبل ویلج کی مانند ہو گئی ،عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ ضروری ہے، سردارعبدالقیوم نیازی

آئی ٹی کے شعبوں میں پرائیویٹ سیکٹر اربوں روپے کی سرمایہ کاری کرنے کیلئے تیار ہے، ہم ان کو سازگار ماحول فراہم کریں گے ،آزادکشمیر میں آئی ٹی کمپلیکس اور آئی ٹی پارکس بنائیں گے،ایل او سی سمیت دور دراز علاقوں میں معیاری انٹرنیٹ سروس فراہم کر یں گے، وزیراعظم آزاد کشمیر

جمعہ 22 اکتوبر 2021 21:58

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2021ء) وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہاکہ دنیا گلوبل ویلج کی مانند ہو گئی ہے۔ ضروری ہے کہ عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے۔ آئی ٹی کے شعبوں میں پرائیویٹ سیکٹر اربوں روپے کی سرمایہ کاری کرنے کیلئے تیار ہے، ہم ان کو یہاں سازگار ماحول فراہم کریں گے تاکہ آزادخطہ میں انٹرنیٹ کی بہتر سروس کی فراہمی سمیت دیگر امور میں بہتری آئے۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق آئی ٹی کے شعبے کی ترقی کیلئے جامع پالیسی بنا کر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔ آزادکشمیر میں آئی ٹی کمپلیکس اور آئی ٹی پارکس بنائیں گے۔ایل او سی سمیت دور دراز علاقوں میں معیاری انٹرنیٹ سروس فراہم کر یں گے۔

(جاری ہے)

دور درواز علاقوں میں شہروں کے برابر سہولیات کی فراہمی کیلئے خصوصی پروگرام شروع کررہے ہیں۔

لینڈ ریکارڈ سمیت آئی ٹی بورڈ کے جاریہ منصوبوں پر کام تیز کیا جائے، بھرپور وسائل فراہم کریں گے۔ آئی ٹی کے شعبے کو ترقی دیکر پڑھے لکھے نوجوانوں کو روزگار فراہم کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی محترمہ مدحت شہزاد کی جانب سے دی گئی محکمانہ بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ معاون خصوصی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی چوہدری محمد اقبال بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعظم آزادجموں وکشمیر کو سیکرٹری آئی ٹی نے لینڈ ریکارڈکمپیوٹرائزیشن، ٹیلی میڈیسن سنٹرز ، ای خدمت سینٹرز، سپیشل ٹیکنالوجی زون ، لائسنس اجرائیگی سروس سمیت انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے جاریہ منصوبوں پر بھی مفصل بریفنگ دی۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے ہدایت کی کہ ان منصوبوں پر کام تیز کیا جائے بالخصوص لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن کے عمل کو تیز کیا جائے۔

لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن کا منصوبہ جتنی جلدی مکمل ہوگا عوام کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہاکہ زندگی کے ہر شعبہ میں آئی ٹی کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں، موجودہ دورمیں آئی ٹی کی اہمیت بہت زیادہ ہوگئی ہے۔ مستقبل میں ای گورننس اور ٹیلی ہیلتھ سروسزکے منصوبوں پر کام کریں گے۔ تعلیمی اداروں میں آئی ٹی پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائیگی۔ اس موقع پر معاون خصوصی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی چوہدری محمد اقبال نے آئی ٹی سیکٹرز میں سمارٹ آزاد کشمیر ویژن سے متعلق وزیراعظم کو تفصیل سے آگاہ کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات