کراچی،ملک میں پہلی بار ٹیکنیکل فٹبال لیگ کی تیاریاں

فٹبال کلب کراچی کے بانی و صدر حمزہ فاروق سے پرتگال کے لائسنس یافتہ ایجنٹ عبدالاحد کی ملاقات

ہفتہ 23 اکتوبر 2021 00:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2021ء) ملک میں پہلی بار ٹیکنیکل فٹبال کی تیاریاں شروع کردی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق فٹبال کلب کراچی کے بانی و صدر حمزہ فاروق سے پرتگال کے لائسنس یافتہ ایجنٹ عبدالاحد نے کراچی میں ملاقات کی۔ پاکستان میں فٹبال کی ترقی اور ٹیکنیکل فٹبال لیگ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ فاروق نے کہا کہ یہ فرنچائز لیگ نہیں ہوگی بلکہ فٹبال کی ترقی کیلئے ٹیکنیکل لیگ رول ماڈل ہوگا۔

(جاری ہے)

فرنچائز ماڈل کمزور ہوتا ہے جس میں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی نہیں ہوپاتی ہے۔ عبدالاحد نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے لیگ کے سلسلے میں کام شروع کردیا ہے۔ اگلے ماہ کراچی میں اسکائوٹنگ میچ رکھا جائے گا جس میں ملک کے کھلاڑیوں کی کارکردگی سامنے آئے گی۔ اسکائوٹنگ ایونٹ میں پرتگال کا مشہور فٹبال کلب سی ڈی ٹونڈیلا اور پرتگال تھرڈ ڈویژن ریال اسپورٹنگ کلب نے ایونٹ میں اسکائوٹنگ پارٹنر کی حیثیت سے شرکت کا اعلان کیا ہے۔ اس کی پری لانچنگ تقریب دسمبر میں کراچی میں ہوگی۔ ایونٹ میں چمن، چترال، گلگت اور کشمیر کی ٹیموں کو نمائندگی دی جائے گی اور فٹبال کا گڑھ لیاری کی بھی نمائندگی ہوگی۔