ٹِی ٹوئنٹی ورلڈکپ، سپر 12 مرحلے کی لائن اپ مکمل

پاکستان کے گروپ میں اسکاٹ لینڈ اور نمیبیا جیسی 2 کمزور ٹیموں کی شمولیت

muhammad ali محمد علی ہفتہ 23 اکتوبر 2021 00:31

ٹِی ٹوئنٹی ورلڈکپ، سپر 12 مرحلے کی لائن اپ مکمل
شارجہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اکتوبر2021ء) ٹِی ٹوئنٹی ورلڈکپ، سپر 12 مرحلے کی لائن اپ مکمل، پاکستان کے گروپ میں اسکاٹ لینڈ اور نمیبیا جیسی 2 کمزور ٹیموں کی شمولیت۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سلسلے میں پہلے مرحلے کا اختتام ہو گیا۔ پہلے مرحلے کے اختتام پر 4 ٹیموں نے سپر 12 مرحلے کیلئے کوالی فائی کر لیا۔ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے کے آخری میچ میں سری لنکا نے نیدر لینڈز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

45 رنز کا ہدف سری لنکا نے باآسانی آٹھویں اوور میں پورا کرلیا،سری لنکا کی جانب سے کوسل پریرا33 رنز بناکر نمایاں رہے۔اس سے قبل نیدر لینڈز کا کوئی بھی بیٹسمین سری لنکن بولرز کے سامنے نہ ٹِک سکا اور پوری ٹیم 10 اوورز میں صرف 44 رنز بنا کر آوٹ ہوئی ۔

(جاری ہے)

نیدر لینڈز کے کولن اکریمن 11 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے جبکہ سری لنکا کی جانب سے لاہیورو کمارا اور ہراسنگا ڈی سلوا نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔

جبکہ اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں گروپ اے سے نمیبیا نے آئرلینڈ کو شکست دے کر سپر 12 مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں نمیبیا نے آئرلینڈ کا 126رنز کا ہدف 18اعشاریہ 3 اوورز میں حاصل کرکے فائنل 12 میں جگہ بنالی۔آئرلینڈ کے کپتان اینڈ بلبائرن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ان کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ پر 125رنز ہی بناسکی۔

آئرلینڈ کی طرف سے پال اسٹرلنگ 38، کیوین اوبرائن 25 اور کپتان اینڈی بلبائرن 21 رنز کے نمایاں اسکورر رہے، دیگر کوئی کھلاڑی خاطر خواہ پرفارمنس نہ دے سکا۔نمیبیا کے جین فرائی لنگ نے 21 رنز کے عوض 3 جبکہ ڈیوڈ ویسا نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔نمیبیا نے 126 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ شروع کی تو اس کی پہلی وکٹ 25 کیا سکور پر گر گئی،کریگ ویلمز15رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

آئرلینڈ کو دوسری وکٹ 73 کے اسکور پر 14ویں اوور میں ملی، زین گرین 24رنز بناکر میدان چھوڑ گئے۔اس کے بعد نمیبیا کے گیرہارڈ ایراسموس 53 اور دیوڈ ویسا 28 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے اور ٹیم کو فتح دلوائی ساتھ ہی اسے سپر 12 کا حصہ بھی بنوادیا۔ڈیوڈ ویسا کو میچ میں آل رائونڈ پرفارمنس پر بہترین کھلاڑی کے اعزاز سے نوازا گیا۔ یوں پہلے مرحلے کے اختتام پر گروپ اے کی سری لنکا اور گروپ بی کی بنگلادیش دوسرے مرحلے کیلئے گروپ 1 میں شامل ہوگئی ہیں۔ اسی طرح گروپ اے کی نمیبیا اور گروپ بی کی اسکاٹ لینڈ دوسرے مرحلے کیلئے گروپ 2میں شامل ہوگئی ہیں۔ سپر 12 مرحلے میں پاکستان گروپ 2 میں شامل ہے۔