Live Updates

دبئی ایکسپو میں پاکستانی پویلین کی بھرپور پذیرائی

صرف 18 دنوں میں 1 لاکھ افراد کی آمد، عالمی تجارتی نمائش کے سب سے زیادہ دیکھے جانے والے پویلینز میں شامل ہوگیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 23 اکتوبر 2021 01:03

دبئی ایکسپو میں پاکستانی پویلین کی بھرپور پذیرائی
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اکتوبر2021ء) دبئی ایکسپو میں پاکستانی پویلین کی بھرپور پذیرائی، صرف 18 دنوں میں 1 لاکھ افراد کی آمد، عالمی تجارتی نمائش کے سب سے زیادہ دیکھے جانے والے پویلینز میں شامل ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق دبئی میں جاری عالمی تجارتی نمائش ایکسپو 2020 میں پاکستان کے پرکشش پویلین نے پذیرائی کے جھنڈے گاڑ دیے ہیں۔ پاکستان کی سب سے بڑی ویب سائٹ اردو پوائنٹ کی جانب سے دبئی ایکسپو 2020 میں تیار کیے گئے پاکستان کے شاندار پویلین کو خصوصی کوریج دی گئی ہے۔



ایک رپورٹ کے مطابق دبئی میں جاری ایکسپو میں پاکستانی پویلین نے صرف 18 روز کے دوران ایک لاکھ افراد کی آمد کا سنگ میل عبورکرلیا ہے، جس کے بعد پاکستانی پویلین نمائش کے سب سے زیادہ دیکھے جانے والے پویلینز میں شامل ہوگیا ہے ۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ پاکستانی پویلین اس قدر پرکشش ہے کہ پویلین کے آغاز کے روز ہی 8ہزار افراد نے یہاں کا دورہ کیا جبکہ پہلے ایک ہفتے میں یہاں آنے والوں کی تعداد 55 ہزار سے تجاوز کرگئی تھی۔

اب تک پاکستانی پویلین کا دورہ کرنے والوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 20 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ واضح رہے کہ عالمی تجارتی نمائش دبئی ایکسپو 2020 کا یکم اکتوبر سے آغاز ہوا تھا، جو 6 ماہ تک جاری رہے گی۔ دبئی ایکسپو میں پاکستان کے پویلین کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ دبئی ایکسپو میں پاکستان کے تمام چھ علاقوں نے وسیع تجارت ، سرمایہ کاری اور سیاحت کے فروغ کی منصوبہ بندی کی ہے ، ایکسپو 2020 میں پاکستان کے ترقیاتی منصوبوں اور سیاحت کے پرکشش مقامات کی نمائش کے بعد دنیا بھر سے سیاحوں کی اچھی تعداد کی توقع ہے ، پاکستان کا پویلین 3 ہزار 200 مربع میٹر پر محیط ہے جس کی لاگت21.4 ملین ڈالر ہے۔

دبئی ایکسپو 2020 میں پاکستان کا پویلین ، جس کا موضوع "پاکستان ایک پوشیدہ خزانہ" ہے ، متحدہ عرب امارات کی 14 ملین ڈالر کی مالی معاونت سے بنایا گیا اور اس کا افتتاح مارچ میں وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے تجارت اور سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد نے کیا تھا ، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ کاروباری مواقع کے مرکز کے طور پر کام کرے گا اور ہماری 7000 سال پرانی ثقافت کو فروغ دے گا ، جس کی مدد سے پاکستان توقع کرتا ہے کہ ایکسپو 2020 پاکستانی کاروباری برادری کو بین الاقوامی مارکیٹ اور سرمایہ کاروں کے ساتھ نیٹ ورکنگ تک رسائی دے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات