کالعدم تنظیم کا احتجاج ، اسلام آباد کے شہریوں کے لیے ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا

اسلام آباد میں لانگ مارچ پر پولیس نے شہر کا مکمل ٹریفک پلان جاری کر دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 23 اکتوبر 2021 11:37

کالعدم تنظیم کا احتجاج ، اسلام آباد کے شہریوں کے لیے ٹریفک پلان جاری ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 اکتوبر 2021ء) : کالعدم تنظیم کے احتجاج کے باعث امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے پیش نظر شہر کی کچھ اہم شاہراہیں بند کر دی گئی ہیں۔جیو ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں لانگ مارچ پر پولیس نے شہر کا ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق شہری ریڈ زون میں داخلے اور باہر نکلنے کے لیے نادرا چوک اور ایوب چوک کا استعمال کر سکتے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ مری روڈ فیض آباد سے پہلے اور راول ڈیم چوک سے فیض آباد تک ٹریفک کے لیے بند ہے۔پاک روڈ، ترامڑی چوک اور لہترار روڈ کو اسلام آباد ہائی وے تک پہنچنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ترجمان کے مطابق سری نگر ہائی وے،نائنتھ ایونیو اور آئی جے پی روڈ راولپنڈی پہنچنے کے لیے استعمال کی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ میٹرو بس سروس آئی جے پی روڈ تا پاک سیکرٹریٹ چلتی رہے گی تاہم راولپنڈی میٹرو بس سروس بند رہے گی۔

ترجمان کے مطابق صدر راولپنڈی سے آئی جے پی روڈ تک معطل رہے گی۔خیال رہے کہ کالعدم تنظیم کے دھرنے کی وجہ سے لاہور میں صورتحال بگڑی۔ گذشتہ رات لاہور میں مظاہرین نے پولیس اہلکاروں پر پتھراو کیا ہے جس سے 2 اہلکارشہید ہو گئے۔شہید ہونے والوں میں ہیڈکانسٹیبل ایوب اور کانسٹبل خالد جاوید شامل ہیں، خالد جاوید چوکی میئو گارڈن جبکہ ایوب تھانہ گوالمنڈی میں تعینات تھا۔

ترجمان آپریشنز ونگ کے مطابق مظاہرین کے پتھراؤ سے متعدد اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ مظاہرین نے پولیس اہلکاروں پر پیٹرول بم بھی پھینکے۔ پولیس نے مظاہرین کو توڑ پھوڑ اورسرکاری املاک کو نقصان پہنچانے پر روکا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ مظاہرین کی جانب سے ڈنڈوں کا استعمال اورپتھراؤ کیا گیا۔

دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی احتجاج اور دھرنے کے پیش نظر کنٹینرز لگا کر سڑکوں کو بند کیا گیا ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے۔ اندرون شہر بیشتر راستے بند کردیے گئے ہیں، سکستھ روڈ پر کنٹینرز لگا کر فیض آباد کی طرف جانے والا راستہ بند کردیا گیا ہے، فیض آباد اوجڑی کیمپ کی روڈ کو بھی بند کرکے سیل کر دیا گیا ہے۔راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس سروس صدر سے فیض آباد تک بند کر دی گئی ہے، سڑکیں بلاک ہونے سے لوگوں کو سخت مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور مختلف شاہراہوں پر ٹریفک جام ہے۔