سندھ حکومت کا پاک بھارت میچ بڑی اسکرین پر دکھانے کا فیصلہ

ہفتہ 23 اکتوبر 2021 23:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2021ء) سندھ حکومت نے پاک بھارت میچ بڑی اسکرین پر دکھانے کا فیصلہ کرلیا ، فیصلہ شہریوں کی دلچسپی مدنظررکھ کر کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے شہریوں کیلئے خوشخبری آگئی ، سندھ سرکار نے پاک بھارت میچ بڑی اسکرین پر دکھانے کا فیصلہ کرلیا ، شہر قائد کے مختلف مقامات پر اسکرینز نصب کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ ایسٹ میں ہل پارک اور سفاری پارک پر اسکرین لگائی جائیں گی جبکہ ڈسٹرکٹ ساتھ میں بیچ ویو پارک اور ڈسٹرکٹ سینٹرل میں تعلیمی باغ،اماں پارک پر بڑی اسکرین پر میچ دکھایا جائے گا۔فیصلہ شہریوں کی دلچسپی مدنظررکھ کر کیا گیا، اس حوالے سے ایڈمنسٹریٹرکراچی نے احکامات جاری کردیے ہیں، شہری فیملیز کیساتھ بڑی اسکرین پرپاک بھارت میچ سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔خیال رہے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا ساتواں ایڈیشن متحدہ عرب امارات اور عمان میں جاری ہے، جہاں ایونٹ کا سب سے بڑا میچ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان 24 اکتوبر بروز اتوار کھیلا جائے گا۔پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جانے والا میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگا۔