مذاکرات کامیاب ‘ تمام بند راستے کھول دیے جائیں گے ، شیخ رشید احمد

یہ لوگ منگل کی شام تک مرید کے میں ہی بیٹھیں گے ، مطالبات کا جائزہ لے کر منگل تک معاملہ حل کرلیا جائے گا۔ وفاقی وزیر داخلہ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 24 اکتوبر 2021 10:55

مذاکرات کامیاب ‘ تمام بند راستے کھول دیے جائیں گے ، شیخ رشید احمد
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اکتوبر2021ء)  وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت اور کالعدم تنظیم کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں ، تمام بند راستے کھول دیے جائیں گے۔ جنگ کی میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا ہے کہ معاہدے میں طے پایا کہ یہ لوگ منگل کی شام تک مرید کے میں ہی بیٹھیں گے ، مطالبات کا جائزہ لے کر منگل تک معاملہ حل کرلیا جائے گا۔

واضح رہے کہ کالعدم تنظیم کے دھرنے کی وجہ سے لاہور میں صورتحال بگڑی ، لاہور میں مظاہرین نے پولیس اہلکاروں پر پتھراو کیا جس سے 2 اہلکارشہید ہو گئے ، شہید ہونے والوں میں ہیڈکانسٹیبل ایوب اور کانسٹبل خالد جاوید شامل ہیں، خالد جاوید چوکی میئو گارڈن جبکہ ایوب تھانہ گوالمنڈی میں تعینات تھا ، ترجمان آپریشنز ونگ کے مطابق مظاہرین کے پتھراؤ سے متعدد اہلکار زخمی بھی ہوئے جنہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ مظاہرین نے پولیس اہلکاروں پر پیٹرول بم بھی پھینکے ، پولیس نے مظاہرین کو توڑ پھوڑ اورسرکاری املاک کو نقصان پہنچانے پر روکا تھا ، ان کا کہنا تھا کہ مظاہرین کی جانب سے ڈنڈوں کا استعمال اورپتھراؤ کیا گیا۔ دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی احتجاج اور دھرنے کے پیش نظر کنٹینرز لگا کر سڑکوں کو بند کیا گیا ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے ، اندرون شہر بیشتر راستے بند کردیے گئے ہیں، سکستھ روڈ پر کنٹینرز لگا کر فیض آباد کی طرف جانے والا راستہ بند کردیا گیا ہے، فیض آباد اوجڑی کیمپ کی روڈ کو بھی بند کرکے سیل کر دیا گیا ہے ، راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس سروس صدر سے فیض آباد تک بند کر دی گئی ہے، سڑکیں بلاک ہونے سے لوگوں کو سخت مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور مختلف شاہراہوں پر ٹریفک جام ہے۔