افریقہ میں بریسٹ کینسر کا پھیلاؤ: آگہی کم، علاج محدود

DW ڈی ڈبلیو اتوار 24 اکتوبر 2021 11:40

افریقہ میں بریسٹ کینسر کا پھیلاؤ: آگہی کم، علاج محدود

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 24 اکتوبر 2021ء) اس جائزے میں جن ممالک پر توجہ مرکوز کی گئی ان میں نائجیریا، یوگنڈا اور ملاوی شامل ہیں۔ اس مرض کی آ گہی کے حوالے سے ہفتہ سولہ اکتوبر کو ہزاروں افراد نائجیریا کے دارالحکومت ابوجہ کی سڑکوں پر ایک مارچ میں شریک ہوئے۔

اس مارچ کا نام 'واک اوے کینسر‘ ( #WalkAwayCancer) تھا۔ اس مارچ کا انتظام اُن غیر حکومتی تنظیموں نے کیا جو نائجیریا میں بریسٹ کینسر کی معلومات فراہم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ اس وقت دنیا بھر میں بریسٹ کینسر کا مرض بہت زیادہ پایا جاتا ہے۔ اس حقیقت کا اعتراف عالمی ادارہ صحت بھی کرتا ہے۔ اس ادارے کے سن 2020 میں جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس جان لیوا مرض میں مبتلا مریضوں کی تعداد بائیس لاکھ سے زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

مغربی افریقہ میں پہلے بریسٹ کینسر کے مریض کم تھے لیکن اب وہاں بھی یہ تیزی کے ساتھ پھیلنا شروع ہو گیا ہے۔

برا اور چھاتی کا سرطان، کچھ من گھڑت دعوے

نائجیریا میں آگہی کی مہم

افریقی ملک نائجیریا میں اس وقت بھی بے شمار خواتین تک بریسٹ کینسر کی معلومات پہنچی ہی نہیں ہیں۔ اس کے پھیلاؤ اور اموات کی یہی سب سے بڑی وجہ ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جن خواتین کو اس مرض کی معلومات ہیں، وہ بھی علاج میں ہچکچاہٹ ظاہر کرتی ہیں۔ اس کی وجوہات سماجی و ثقافتی ہیں کیونکہ کوئی عورت کسی ڈاکٹر کے سامنے اپنا معائنہ کرانے میں شرم محسوس کرتی ہے اور ایسا کرنے میں سماجی دباؤ بھی اس کے ذہن پر ہوتا ہے۔

نائجیریا میں چھاتی کے سرطان سے صحت یاب ہونے والی ایک خاتون حدیزہ عالیہ مانگا نے اپنے ملک کی خواتین تک اس مرض کی معلومات کی مہم شروع کر رکھی ہے۔ ان کی غیر حکومتی تنظیم کا نام حدیبہ کینسر فاؤنڈیشن ہے اور یہ ابوجہ میں قائم ہے۔ حدیزہ عالیہ کا کہنا ہے کہ اس مہم کو شروع کرنے کی قوت خود ان کے اندر پیدا ہونے والے اس مرض سے نجات کے بعد حاصل ہوئی ہے۔

حدیزہ نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ ان کی کوشش ہے کہ ملکی خواتین تک بریسٹ کینسر سے محفوظ رہنے کی معلومات فراہم کی جا سکے اور بتایا جائے کہ انہی معلومات میں اُن کا تحفظ بھی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سوشل میڈٰیا کے ذریعے بھی معلومات دی جاتی ہیں کہ کس علاقے میں بریسٹ کینسر کی تشخیص کا مرکز موجود ہے۔ نائجیریا کی بیشتر خواتین نے اس معلوماتی مہم کو انتہائی اہم قرار دیا ہے۔

رواں برس کینسر کے 18 ملین نئے کیسز، عالمی ادارہ صحت

یوگنڈا میں بریسٹ کینسر کی شرح

یوگنڈا میں بھی بریسٹ کینسر بارے معلومات اور آگہی کی شرح بہت کم ہے۔ ایک مریضہ نے بتایا کہ وہ اُس وقت بہت کنفیوز تھی جب اس کو ڈاکٹر نے علاج کی تفصیلات دینی شروع کی تھیں۔ اس مرض کی وجہ سے اس مریضہ کی ایک بریسٹ کاٹ دی گئی ہے اور کیموتھراپی بھی کی گئی۔

بریسٹ کینسر کی مریضہ کی چھاتی آپریشن سے کاٹنے کو کلینیکل زبان میں میسٹیکٹومی (mastectomy) کہتے ہیں۔

یوگنڈا کی خواتین میں رحم کا کینسر سب سے زیادہ پایا جاتا ہے اور اس کے بعد وہاں بریسٹ کینسر عام ہے۔ یوگنڈا ویمنز اسپورٹ آرگنائزیشن نے حالیہ برسوں میں کینسر کے بارے میں آگہی کی مہم کو مختلف علاقوں تک پھیلا دیا ہے۔ اس ملک کے پچھتر فیصد کینسر مریض اس وقت مرض کی ابتدائی سطح پر ہیں۔

اموات کی شرح پچاس فیصد سے زائد بتائی جاتی ہے۔

چھاتی کے سرطان کے علاج کے بعد بھی دوبارہ کینسر کا خطرہ

یوگنڈا کے دارالحکومت کمپالا میں قائم یوگنڈا کنیسر انسٹیٹیوٹ کے انکولوجسٹ ڈاکٹر نولیب موگیشا نے ڈی ڈبلیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بریسٹ کینسر میں افزائش کی سب سے بڑی وجہ چربی والی خوراک کا زیادہ استعمال اور سہل پسندی کا طرز زندگی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کار کلچر کی وجہ سے لوگوں میں پیدل چلنا کم ہو گیا ہے اور بدن کی حرکات میں کمی واقع ہو چکی ہے۔

ملاوی میں بریسٹ کینسر کی صورت حال

افریقی ملک ملاوی میں بھی بریسٹ کینسر کا مرض پھیل رہا ہے۔ اس مہلک بیماری کا اس ملک میں صرف ایک مرکز ہے اور دارالحکومت لیلونگوے میں واقع ہے۔ اس کا نام کاموزو کینسر ہسپتال ہے۔

اس ہسپتال میں بھی کوئی خاتون اُسی وقت آتی ہے جب بریسٹ کینسر کا مرض اور اس کی تکلیف اس کی برداشت سے باہر ہو جاتی ہے۔ زیادہ تر خواتین کینسر ہسپتال اس وقت پہنچتی ہیں جب یہ آخری اسٹیج پر ہوتا ہے۔ اس آخری اسٹیج پر علاج طویل اور پیچیدگیوں کا شکار ہو جاتا ہے۔

سن 2014 میں کی جانے والی ایک ریسرچ کے مطابق ملاوی میں بریسٹ کینسر کی تشخیص پر پانچ سے چھ ماہ درکار ہوتے تھے۔

سات برسوں بعد صرف اندازہ ہی لگایا جا سکتا ہے کہ اب تشخیصی عمل تیز رفتار ہو چکا ہو گا۔

خواتین میمو گرافی کروائیں، بریسٹ کینسر سے بچیں

ملاوی میں اس مہلک مرض سے صحت یاب ہونے والی خواتین کا کہنا ہے کہ اس مرض کو ختم یا کنٹرول کرنے کے لیے آگہی بہت ضروری ہے۔ ایک صحت یاب ہونے والی چونسٹھ سالہ خاتون صوفی نسوتھی نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ ملکی حکومت کے لیے فعال انداز اپناتے ہوئے دور دراز کے دیہات کی خواتین تک اس مرض کی معلومات پہنچانا ضروری ہو گیا ہے۔

ملاوی کی وزارت صحت نے بریسٹ کینسر کی اسکریننگ کو پرائمری ہیلتھ کا جزو بنانے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے اور تمام خواتین کو اس اسکریننگ کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔

اینکے میولز (ع ح/ ک م)