حکومت کا حکم، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی تمام شاہراہوں کو کھول دیا گیا

بھاری مشینری فیض آباد بھی طلب کرلی گئی،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی تمام شاہراہوں کو بھی کھول دیا گیا، ڈپٹی کمشنر

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 24 اکتوبر 2021 19:14

حکومت کا حکم، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی تمام شاہراہوں کو کھول ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 24اکتوبر 2021) حکومت کا انتظامیہ کو کنٹینرز ہٹانےکاحکم، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی تمام شاہراہوں کو کھول دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے انتظامیہ کو کنٹینرز ہٹانے کا حکم دے دیا ہے۔ راولپنڈی مری روڈ سمیت تمام شاہراہوں سے کنٹینرز ہٹائے جا رہے ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق 2 گھنٹے میں راولپنڈی کا اسلام آباد سے رابطہ بحال ہوجائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھاری مشینری فیض آباد بھی طلب کرلی گئی۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی تمام شاہراہوں کو بھی کھول دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ فیض آباد کو بھی کچھ دیر میں کھول دیا جائے گا۔وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کالعدم تنظیم سے8 گھنٹے تفصیلی مذاکرات کیے ہیں۔

(جاری ہے)

ہماری خواہش ہے کہ امن و امان کی صورتحال بہتر کی جائے۔

شیخ رشید نے کہا کہ احتجاج ان کا حق ہے، لیکن ان کے ساتھ ٹکراو نہیں ہونا چاہیے۔حکومت کا کام ہے کہ لچک رکھے۔ ریاست کا کام صلح کا راستہ اختیار کرنا ہے، ریاست کا کام ڈنڈا چلانا نہیں بلکہ بات چیت کرنا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے مختلف علاقوں میں کالعدم تنظیم کے احتجاج کے باعث بند کی گئی انٹرنیٹ سروس بحال کر دی گئی تھی۔ جبکہ کئی علاقوں کی سڑکوں کو ٹریفک کی آمد و رفت کے لیے بھی کھول دیا گیا تھا۔

اور آج لاہور میں ٹریفک مکمل طور پر بحال ہے۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق لاہور کے داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک رواں دواں ہے، بابو صابو، سگیاں، شاہدرہ اور ٹھوکر نیاز بیگ سے شہری آ جا سکتے ہیں۔ٹریفک پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بابو صابو سے اسکیم اور یتیم خانہ روڈ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ لوئر مال، راوی پل اور سیکریٹریٹ چوک پر بھی ٹریفک رواں دواں ہے۔