ایم ڈی واٹر بورڈ کیے گئے وعدے پورے کریں بصورت دیگر واٹر بورڈ ملازمین احتجاج پر مجبور ہوجائیں گے، چیئرمین واٹر بورڈ یونین

اتوار 24 اکتوبر 2021 20:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2021ء) کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے چیئرمین جوزف صنم، صدر پنھل مگسی، جنرل سیکریٹری اکرام خان، چیف آرگنائزر اکبر معید یوسفی، رہنمائوں چن زیب، ناظم خان، کامریڈ امرجلیل مگسی، ریحان الٰہی، ولی محمد بلوچ، ارشد اعوان اور انچارج میڈیا سیل اشرف اعوان نے کہا ہے کہ ایم ڈی واٹر بورڈ وعدے پورے کرنے کے بجائے ملازمین کو لولی پوپ دے رہے ہیں۔

ریٹائر، وفات یافتہ ملازمین اور حاضر سروس ملازمین کو فنڈ، پنشن، گریجویٹی واجبات کی ادائیگی کیلئے 14 کروڑ ادا کرنے کا باقاعدہ لیٹر جاری ہونے کے باوجود ملازمین کو اپنے جائز قانونی واجبات سے محروم کیا جارہا ہے۔ فوتگی کوٹے پر بھی تاحال منظوری کے باوجود تقرر نامے جاری نہیں کیے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈی پی سی II کو بھی تاحال فعال نہ بناکر ملازمین کو پروموشن کے حق سے محروم کردیا گیا ہے۔

میڈیکل کی برائے نام سہولت دی گئی ہے۔ ایڈہاک ملازمین بھی تاحال بحال نہ ہونے کے باعث دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واٹر بورڈ کے اہم عہدوں ایم ڈی، سیکریٹری، چیف فنانس آفیسر، چیف انٹرنل ااڈٹ پر باہر سے لانے کیلئے حکومت سندھ منظوری دے چکی ہے اور سارا زور اس پر لگایا جارہا ہے۔ ملازمین کے مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔

ملازمین کو حقیقی یونین کے چنائو کے حق سے بھی محروم رکھا جارہا ہے۔ ریفرنڈم میں دانستہ تاخیر کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ڈی واٹر بورڈ وعدوں کو فوراً پورا کریں بصورت دیگر واٹر بورڈ ملازمین احتجاج پر مجبور ہوجائیں گے جبکہ واٹر بورڈ کی نجکاری کو محنت کشوں کی طاقت سے روکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ واٹر بورڈ کے افسران کی نااہلی کے باعث افسران باہر سے لانے کی منظوری دی گئی ہے۔ افسران اپنی ملازمتوں کے تحفظ اور اپنے جائز حقوق کیلئے جدوجہد کریں۔ یونائیٹڈ ورکرز یونین ان کا ساتھ دے گی۔

متعلقہ عنوان :