امریکا کی شمالی کوریا سے جوہری تجربات بند ،مذاکرات شروع کرنے کی اپیل

ہم عوامی جمہوریہ کوریا کے ساتھ کسی پیشگی شرط کے بغیر بات چیت کے لیے تیار ہیں،امریکی نمائندہ خصوصی

پیر 25 اکتوبر 2021 12:18

امریکا کی شمالی کوریا سے جوہری تجربات بند ،مذاکرات شروع کرنے کی اپیل
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2021ء)شمالی کوریا کے لیے امریکا کے خصوصی نمائندے سنگ کمِ نے شمالی کوریا کے حالیہ تجربات کو تشویش کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے الٹے نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق شمالی کوریا کے لیے امریکا کے خصوصی نمائندے سنگ کمِ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ہدف ہے کہ کوریا جزیرہ نما میں جوہری ہتھیاروں پرمکمل طورپر روک لگ جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یہی وجہ ہے کہ پیانگ یانگ کی طرف سے بیلیسٹک میزائل کا حالیہ تجربہ، جو گزشتہ چھ ہفتوں کے دوران اس طرح کے کئی تجربات میں سے ایک تھا، تشویش کا باعث ہے اور جزیرہ نما کوریا میں دیرپا امن کے قیام کی راہ میں منفی اثرات مرتب کر سکتا ہے۔سنگ کمِ نے کہاکہ ہم عوامی جمہوریہ کوریا کے ساتھ کسی پیشگی شرط کے بغیر بات چیت کے لیے تیار ہیں اور ہم نے یہ واضح کردیا ہے کہ شمالی کوریا کے تئیں امریکا کا کسی طرح کا مخاصمانہ رویہ نہیں ہے۔