سپریم کورٹ نے گلشن اقبال تجوری ہائٹس سے متعلق وکیل رضا ربانی کو دلائل کے لیے آج تک مہلت دے دی

پیر 25 اکتوبر 2021 15:53

سپریم کورٹ نے گلشن اقبال تجوری ہائٹس سے متعلق وکیل رضا ربانی کو دلائل ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2021ء) سپریم کورٹ نے گلشن اقبال تجوری ہائٹس سے متعلق وکیل رضا ربانی کو دلائل کے لیے کل (منگل) تک مہلت دے دی۔پیرکوسپریم کورٹ کراچی رجسٹری چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں بینچ نے گلشن اقبال تجوری ہائٹس سے متعلق سماعت کی۔ تجوری ہائیٹس کے وکیل رضا ربانی نے موقف دیا کہ مذکورہ اراضی متروکہ املاک وقف کی تھی۔

سندھ حکومت کی منظوری کے بعد اراضی ہمیں الاٹ ہوئی۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سندھ کی منظوری سے زمین الاٹ کی گئی۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ کیا وزیرا علی سندھ کو اراضی آلاٹ کرنے کا اختیار تھا۔رضا ربانی نے کہا کہ تجوری ہائٹس کی زمین ریلوے کی نہیں ہے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے ہمیں آپ کی سمجھ نہیں رہی ہے۔ رضا ربانی نے موقف دیا کہ ایک طرف کہہ رہے ہیں متروکہ املاک پراپرٹی ہے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس میں کہا کہ وفاق کی زمین وزیر اعلی کیسے الاٹ کر سکتے ہیں۔ رضا ربانی نے استدعا کی آپ مجھے کل کا وقت دے دیں۔ عدالت نے تجوری ہائٹس کے وکیل رضا ربانی کو دلائل کے لیے منگل تک مہلت دے دی۔