سپریم کورٹ نے ایڈمنسٹر یٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کو جھاڑ پلادی

تجاوزات کے خاتمے کا حکم دیا تھا، حکم پر کتنا عملدرآمد کیا ہی جو کچھ حکم دیا تھا اس پر عملدرآمد نہیں کرسکے۔ شہر چلانا الگ اور ٹی وی پر بیٹھ کر باتیں کرنا الگ بات ہے۔

پیر 25 اکتوبر 2021 15:53

سپریم کورٹ نے ایڈمنسٹر یٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کو جھاڑ پلادی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2021ء) سپریم کورٹ نے ایڈمنسٹر یٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کو جھاڑ پلادی۔پیرکوسپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس قاضی محمد امین احمد پر مشتمل بینچ نے کیسوں کی سماعت کے دوران ایڈمنسٹر یٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کو جھاڑ پلادی۔

چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ تجاوزات کے خاتمے کا حکم دیا تھا، حکم پر کتنا عملدرآمد کیا ہی جو کچھ حکم دیا تھا اس پر عملدرآمد نہیں کرسکے۔ شہر چلانا الگ اور ٹی وی پر بیٹھ کر باتیں کرنا الگ بات ہے۔ آپ نے ایڈمنسٹریٹر بننے کے بعد کیا کارنامہ انجام دیا مرتضی وہاب نے کہا کہ بارش کے دوران نکاسی آپ کے مسئلے کو کافی حد تک حل کیا۔

(جاری ہے)

اس سال بارش میں عوام کو کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

پچھلی بارشوں میں بھی پہلے جیسے صورتحال تھی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ شہر کی بہتری کے لیے کیا ٹھوس اقدامات کیے وہ بتائیں زیادہ اسمارٹ بننے کی کوشش مت کریں۔ مرتضی وہاب نے کہا کہ عدالت نے سوال پوچھا تھا اس کا جواب دینے کی کوشش کررہا ہوں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ بس خاموش ہوجائیں، آپ نے اس شہر کے لیے کچھ نہیں کیا۔ زیادہ مت بولیں کچھ کیا ہے وہ لکھ کردیں۔ عدالت نے مرتضی وہاب سے تحریری رپورٹس طلب کرلیں۔