Live Updates

عمران خان کی موجودگی میں پاکستان فیٹف کی گرےلسٹ سے نہیں نکل سکتا

عمران خان مستعفی ہوجائیں تو فیٹف اور آئی ایم ایف دونوں سے نکل جائیں گے، مہنگائی ختم، عوام کو روزگار دیں گے اور معیشت بھی ٹھیک کر دیں گے۔ ترجمان مسلم لیگ(ن) مریم اورنگزیب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 25 اکتوبر 2021 16:35

عمران خان کی موجودگی میں پاکستان فیٹف کی گرےلسٹ سے نہیں نکل سکتا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 اکتوبر2021ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہےکہ عمران خان کی موجودگی میں پاکستان فیٹف کی گرے لسٹ سے نہیں نکل سکتا، عمران خان استعفی دے دیں، فیٹف اور آئی ایم ایف سے بھی نکل جائیں گے، مہنگائی ختم، عوام کو روزگار دیں گے اور معیشت بھی ٹھیک کر دیں گے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان کے ہوتے ہوئے پاکستان فاٹف کی گرے لسٹ سے نہیں نکل سکتا، فسطائی حکومت کے ہوتے ہوئے پاکستان گرے لسٹ سے نہیں نکل سکتا۔

نواز شریف پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال کر وائٹ لسٹ میں لائے تھے اور آئی ایم ایف کو گھر بھیجا تھا۔ عمران خان کے ہوتے ہوئے نہ مہنگائی ختم ہو سکتی ہے، روزگار مل سکتا ہے اور نہ ہی معیشت ترقی کر سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان استعفی دے دیں، فاٹف سے بھی نکل جائیں گے، آئی ایم ایف کو بھی گھر بھیج دیں گے، مہنگائی ختم، عوام کو روزگار فراہم کردیں گے اور معیشت بھی ٹھیک کر دیں گے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ اپوزیشن کو سزائے موت کی چکیوں میں بند کریں گے، صحافیوں پر جھوٹے مقدمات بنائیں گے اور خواتین سمیت اینکرز اور کالم نگاروں پر حملے ہوں گے تو پاکستان گرے لسٹ سے نہیں نکلے گا۔مزید برآں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے آئی ایم ایف کی شرائط پارلیمنٹ میں لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں مزید اور مسلسل اضافہ قومی معیشت کے لئے تباہ کن اور قومی سلامتی کے تصور کے لئے خطرناک ہے ،تاریخ گواہ ہے کہ ڈالر کی قیمت میں اضافے سے ملک میں ہمیشہ مہنگائی بڑھی ہے، ڈالر کی قیمت میں اضافے سے عوام کنگال ہورہے ہیں اور حکومت کو عوام کی حالت زار کا کوئی احساس نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ختم نہیں ہوا تو پھر کیا طے پایا ہے، پارلیمنٹ کو بتایا جائے ،آئی ایم ایف کے ساتھ طے پانے والی شرائط اور مذاکرات کی تفصیلات پارلیمنٹ سے چھپانا بتا رہا ہے کہ دال کالی ہے ۔ 
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات