Live Updates

مہنگائی کیخلاف پیپلزپارٹی سندھ کا 29 اکتوبر کو احتجاج کا اعلان

تبدیلی کا جنازہ نکلنے والاہے اور اس یزیدی وفاقی حکومت سے جلد نجات حاصل کرینگے،نثار کھوڑو

پیر 25 اکتوبر 2021 16:59

مہنگائی کیخلاف پیپلزپارٹی سندھ کا 29 اکتوبر کو احتجاج کا اعلان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے مہنگائی کے خلاف 29 اکتوبر کو نماز جمعہ کے بعد سندھ بھر میں احتجاج کا اعلان کیا ہے ۔پیپلز پارٹی سندھ کے صدرنثار کھوڑو نے کہا کہ 29 اکتوبر کو نماز جمعہ کے بعد سندھ کے تمام اضلاع میں احتجاج کیا جائے گا، ہر ضلع کے احتجاج میں پارٹی کے ہزاروں کارکنان ، پارٹی عہدیداروں سمیت ایم این ایز، ایم پی ایز، سینیٹرز شرکت کریں گے۔

نثار کھوڑو نے کہاکہ تبدیلی کا جنازہ نکلنے والاہے اور اس یزیدی وفاقی حکومت سے جلد نجات حاصل کرینگے۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم اگر پیپلز پارٹی کی تجویز پر عمل کرے تو پہلے مرحلے میں پنجاب اور دوسرے مرحلے میں وفاق میں عمران خان کی حکومت کو گھر بھیج سکتے ہیں، پی ڈی ایم اس حکومت سے جان چھڑانے میں سنجیدہ ہے تو نون لیگ اب پنجاب میں عثمان بزدار کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرے۔

(جاری ہے)

نثار کھوڑونے کہاکہ بلوچستان کے بعد پنجاب میں عثمان بزدار کو عدم اعتماد کی تحریک کے ذریعے ہٹانے کے لئے راستہ ہموار ہوچکا ہے، نون لیگ اگر پنجاب اسمبلی میں عثمان بزدار کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرے تو پنجاب کے بعد وفاق میں اپوزیشن کی قوت سے عمران خان کو عدم اعتماد کی تحریک کے ذریعے گھر بھیجا جا سکتا ہے۔پی پی رہنما نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف احتجاج نتیجہ خیز ثابت ہوگا اور ملک کے کونے کونے سے یزید کی سرکار کے خلاف عوام سراپا احتجاج ہیں، عوام نے جس طرح ماضی میں ایوب خان اور اس کی مہنگائی کے خلاف تحریک چلائی اب اسی طرح عمران خان کی حکومت اور مہنگائی کے خلاف تحریک کے لئے باہر نکل چکے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آئندہ انتخابات کے بعد ملک میں پیپلز پارٹی کی جمہوری حکومت ہوگی، وفاقی حکومت کے رویوں نے پارلیمنٹ کے ماحول کو بھی خراب کردیا ہے جس وجہ سے پارلیمنٹ میں عوام کی بہتری کے لئے کوئی قانون سازی نہیں کی جا رہی۔انہوں نے کہاکہ پیٹرول ادویات، بجلی ،گیس اور روز مرہ کی اشیا مہنگی کرکے عوام کو زندہ قبر میں ڈالنے کی تیاری کی جا رہی ہے، عمران خان کی حکومت عوام کے لئے عذاب بن چکی ہے، عوام دشمن حکومت کے پاس مہنگائی کے خاتمے کے لئے کوئی نظریہ نہیں ہے۔

نثار کھوڑو نے کہاکہ جب تک ملک میں عمران خان کی حکمرانی رہے گی ملک کی بنیادیں بھی کمزور ہونگی ، عمران خان اس ملک اور عوام کی جان چھوڑیں اب عوام اس حکومت کو اقتدار میں مزید برداشت نہیں کرنا چاہتی، آپ استعفیٰ دیں اور عوام کو بہتر فیصلہ کرنے کا موقع دیں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات