پاکستان اور بھارت کے مابین ہر سال ٹی ٹونٹی سیریز ہونی چاہیئے، کیون پیٹرسن کی تجویز

دونوں ٹیمیں سالانہ کسی نیوٹرل وینیو پر 5 روز کے اندر 3 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کھیلیں،فاتح ٹیم کو 15 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم دی جائے، دنیا کا ہر ملک،براڈ کاسٹر سیریز سے فائدہ اٹھانے کیلئےلائن میں لگا رہیگا:سابق برطانوی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 25 اکتوبر 2021 17:29

پاکستان اور بھارت کے مابین ہر سال ٹی ٹونٹی سیریز ہونی چاہیئے، کیون ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 اکتوبر 2021ء ) سابق برطانوی کپتان کیون پیٹرسن نے پاکستان اور بھارت کے مابین ہر سال ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کروانے کی تجویز دے دی ۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں 41 سالہ کیون پیٹرسن نے تجویز دیتے ہوئے لکھا کہ ’’ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے مابین ہر سال کسی نیوٹرل وینیو پر 5 روز کے اندر 3 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز ہونی چاہیئے، پیٹرسن نے مزید لکھا کہ اس سیریز کی فاتح ٹیم کو 15 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم دی جائے، ان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا کا ہر ملک، شہر اور براڈ کاسٹر اس سیریز سے فائدہ اٹھانے کے لیے سال کے 365 دن اور 24 گھنٹے لائن میں لگا رہے گا ‘‘۔

یاد رہے کہ دونوں دونوں روایتی حریفوں کے درمیان میچوں میں شائقین کی دلچسپی کے باوجود دونوں ٹیموں میں انتہائی کم میچ کھیلے گئے اور 2007ء سے اب تک ایک بھی مکمل سیریز نہیں کھیلی گئی۔

(جاری ہے)

13-2012ء میں دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹی20 سیریز کھیلی گئی تھی لیکن بھارت میں وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کے برسر اقتدار آنے کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ خراب ہوتے رہے ہیں اور اب دونوں کے درمیان صرف آئی سی سی مقابلوں میں میچز کھیلے جاتے ہیں۔