ہم اصول کے پابند لوگ ہیں پارٹی کے فیصلے کے مطابق اپوزیشن کاساتھ دیا،ثناء اللہ زہری

جام کمال بیڈگورننس اور ناانصافیوں کی وجہ سے سیٹ سے ہٹائے گئے ہیں،میڈیا سے گفتگو

پیر 25 اکتوبر 2021 20:14

ہم اصول کے پابند لوگ ہیں پارٹی کے فیصلے کے مطابق اپوزیشن کاساتھ دیا،ثناء ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اکتوبر2021ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء وسابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے کہاہے کہ ہم اصول کے پابند لوگ ہیں پارٹی کے فیصلے کے مطابق اپوزیشن کاساتھ دیاہے ،جام کمال بیڈگورننس اور ناانصافیوں کی وجہ سے سیٹ سے ہٹائے گئے ہیں امید ہے کہ نئے قائد ایوان غیرمنتخب افراد کونوازنے انہیں فنڈز دینے جیسے ناانصافیوں کاازالہ کرینگے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ نواب ثنا اللہ زہری نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی اجلاس میں جام کمال نہیں آئے وہ اگر آتے تو گلے شکوے ہوتے ،انہوں نے کہاکہ میں اصولوں کاپابند ہوں ،نواز شریف کے زمانے میں ڈھائی ڈھائی سال کا معاہدہ ہوا اگر چاہتا تو آسانی سے وزیراعلیٰ بن جاتا لیکن پارٹی فیصلے کے مطابق ڈاکٹر عبدالمالک کو سپورٹ کیا آج بھی پارٹی کا فیصلہ ہے کہ اپوزیشن کووٹ دوں میں حاضر ہوا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ صوبے میں جاری ناانصافیوں سے متعلق ڈرافٹ بنایاہے اور ارکان اسمبلی ومیڈیا نمائندوں کے ساتھ شیئر کروں گا صوبے میں غیرمنتخب لوگوں کونوازنے کا سلسلہ جاری تھا جس کی وجہ سے گورننس انتہائی خراب تھی صوبے میں خراب گورننس کی انتہا کردی گئی تھی ،ہم پاکستان پیپلزپارٹی کی فعالیت کیلئے کام کررہے ہیں اور آئندہ بلوچستان میں حکومت بنائیںگے ۔آنے والے حکومت میں ہم خیال گروپ کا ساتھ دینگے۔پارٹی مشاورت کے بعد ہی آنے آئندہ حکومت میں شامل ہونے اور نا ہونے والے فیصلہ کیا جائے گا۔